نواز شریف اور شہباز شریف میں کوئی دراڑ نہیں ، میرا مریم نہیں خود سے مقابلہ ہے : حمزہ شہباز

نواز شریف اور شہباز شریف میں کوئی دراڑ نہیں ، میرا مریم نہیں خود سے مقابلہ ہے ...

لاہور (ایثار رانا سے) مسلم لیگ (ن) کے رہنما اور رکن قومی اسمبلی حمزہ شہباز شریف نے کہا ہے کہ میاں نواز شریف اور میاں شہباز شریف میں نہ کوئی دراڑ ڈال سکا ہے اور نہ ہی کوئی ڈال سکے گا۔ شریف خاندان میں کوئی دھڑے بندی نہیں، اگر کوئی دھڑا ہے تو وہ صرف نواز شریف ہے جو ہمارے لیڈر اور ہیرو ہیں، سارا خاندان ان کی قیادت میں متحد ہے۔ لاہور میں ایثار رانا کی قیادت میں ملنے والے کالم نگاروں کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ شریف خاندان میں مستقبل کی قیادت کے حوالے سے کوئی ابہام نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ میرا مقابلہ مریم نواز سے نہیں ہے بلکہ مقابلہ خود سے ہے۔ میں اپنے کام پر توجہ دے رہا ہوں اور میں اپنے کام سے ہی خود کو منوانا چاہتا ہوں۔ انہوں نے کہا میڈیا نے نواز شریف کی غلطیوں پر تو بہت کچھ لکھا لیکن ان کے کارناموں کو اس طرح اجاگر نہیں کیا گیا جو ان کا حق تھا۔ انہوں نے کہا کہ میاں نواز شریف کو جب حکومت ملی، امن و امان کی صورتحال خراب تھی اور لاشیں گر رہی تھیں، معیشت کی بری حالت تھی۔ کراچی میں دہشت گردی اور چائنہ کٹنگ عروج پر تھی، مگر نواز شریف نے اپنی مضبوط ٹیم کے ذریعے نہ صرف دہشتگردی پر قابو پایا بلکہ گرتی ہوئی معیشت کو سنبھالا۔ نواز شریف جب برسراقتدار آئے تو پوری ملکی انڈسٹری بند تھی، اٹھارہ اٹھارہ گھنٹے لوڈ شیڈنگ ہوتی تھی مگر آج نہ صرف انڈسٹری پوری استعداد کے مطابق چل رہی ہے بلکہ ہم اتنی بجلی پیدا کرنے کے قابل ہوگئے کہ اپنی ضرورت سے اضافی بجلی دوسرے ملکوں کو دے سکیں۔ انہوں نے کہا کہ سی پیک پاکستان کا مستقبل ہے اور اسے شروع کرنے کی سعادت بھی نواز شریف کے حصے میں آئی۔آج پاکستان کی ترقی کرتی ہوئی معیشت کا اعتراف غیر ملکی ادارے بھی کر رہے ہیں۔ ہماری حکومت نے تھانہ کلچر تبدیل کیا، جن تھانوں میں سائل ایف آئی آر درج کرانے کیلئے ذلیل و خوار ہوتے تھے، آج تھانوں میں بنے فرنٹ ڈیسک کے ایئرکنڈیشنڈ کمروں میں بیٹھ کر ایف آئی آر درج کراتے ہیں اور انہیں پورا پروٹوکول دیا جاتا ہے۔ زرعی شعبے میں اصلاحات سے کسانوں کی حالت بدلی۔ وہ کسان جو ایک فرد کیلئے پٹوار خانوں کے چکر لگاتے تھے، آج لینڈ ریکارڈ سنٹر میں انہیں پانچ منٹ میں فرد ملکیت مل جاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کیپٹن (ر) صفدر بہت اچھے انسان اور میرے بہت اچھے دوست ہیں، ان کی اپنی سوچ ہے، اس پر میں کچھ نہیں کہنا چاہتا۔ تاہم میں سمجھتا ہوں کہ مذہبی جماعتوں کو آگے لاکر ہمارا ووٹ بینک توڑنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ تاہم مذہبی ووٹ ہمیشہ سے مسلم لیگ کا رہا ہے اور ہمیشہ رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ آنے والے انتخابات میں مسلم لیگ ایک بار پھر بھرپور کامیابی حاصل کرکے سب سے بڑی جماعت ثابت ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ ٹیکنو کریٹس کی حکومت کا خواب بہت پرانا ہے اور یہ خواب ہی رہے گا۔ ملاقات کرنے والوں کالم نگاروں کے وفد میں رابعہ رحمان، ذبیح اللہ بلگن، صغریٰ صدف، کامران گورایہ شامل تھے۔

حمزہ شہباز

مزید : صفحہ اول