طلب سے زیادہ بجلی موجود، آج سے5297 فیڈرز پر لوڈ شیڈنگ ختم کر نے کا اعلان

طلب سے زیادہ بجلی موجود، آج سے5297 فیڈرز پر لوڈ شیڈنگ ختم کر نے کا اعلان

اسلام آباد(این این آئی) وزارت پانی و بجلی نے آج سے5297 فیڈرز پر لوڈ شیڈنگ مکمل ختم کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک میں طلب سے زیادہ بجلی موجود ہے ٗ10 فیصد لائن لاسز والے علاقوں میں تاہم 2 گھنٹے لوڈ شیڈنگ ہو گی ٗ 20 فیصد میں 4 گھنٹے لوڈ شیڈنگ کی جائے گی ٗصارفین لوڈ شیڈنگ پر قابو پانے کیلئے ساتھ دیں ٗ بجلی کے بل وقت پر دیں،ٗ میٹرز نصب کریں اور اپنے علاقے میں بجلی چوروں کی نشاہدہی کریں۔ پریس کانفرنس میں وزیر پانی و بجلی اویس لغاری نے کہا کہ مجھے آج انتہائی خوشی محسوس ہو رہی ہے کہ موجودہ حکومت نے پاکستان مسلم لیگ (ن) کی قیادت میں ہر شعبے میں کامیابی حاصل کی ہے،ساڑھے چار سال کی انتھک محنت اور جدوجہد سے نہ صرف ملک سے اندھیروں کا خاتمہ کیا بلکہ ملک کو ترقی اور خوشحالی کی راہ پر حقیقی معنوں میں گامزن کر دیا ہے۔ میں اللہ کا شکر ادا کرتے ہوئے اعلان کرتا ہوں کہ ہمارے پاس سسٹم میں ہماری کُل طلب کے مقابلے میں 2700میگاواٹ اضافی بجلی موجود ہے۔ دسمبر 2013 میں بجلی کی پیداوار 9279 میگاواٹ تھی جب کہ ملک میں بجلی کی طلب 11799 میگاواٹ تھی اور 2520 میگاواٹ بجلی کی کمی کی وجہ سے کم از کم 8 سے 10 گھنٹے لوڈ شیڈنگ کا شکار تھے۔ دسمبر 2017میں ہم نے 7465 میگاواٹ کی سطح سے بڑھا کر 16477 میگاواٹ اضافی بجلی پیدا کی ہے اور اس وقت طلب کے مقابلے میں 2727 میگاواٹ اضافی بجلی موجود ہے۔ بجلی پیدا کرنے والے بہت سے منصوبے تکمیل کے مختلف مراحل میں ہیں اور ہم موسم گرما 2018 سے پہلے مزید 4000 میگاواٹ بجلی سسٹم میں شامل کر دینگے۔ 2017ء کے موسم گرما میں 24000 میگاواٹ طلب کے مقابلے میں ہمارے پاس سسٹم میں 20000 میگاواٹ ریکارڈ بجلی پیدا ہوئی۔ جاری منصوبوں کے مکمل ہوتے ہی یہ پیداوار 25000 میگاواٹ تک پہنچ جائے گی چونکہ ہمارے پاس طلب سے زیادہ بجلی موجود ہے تو ہم ملک میں لوڈشیڈنگ ختم کرسکتے ہیں۔ ہمارے 7مختلف قسم کے بجلی کے فیڈرز ہیں جن پر نقصانات اور چوری کی شرح کے تناسب سے لوڈشیڈنگ کی جاتی ہے۔ جونہی ان فیڈرز پر نقصانات ایک خاص فیصد میں آتے جائینگے ہم لوڈشیڈنگ بتدریج ختم کرتے جائینگے۔ اضافی بجلی کے باوجود، بجلی چوری، بلوں کی عدم ادائیگی، بد انتظامی اور دیگر غیر قانونی عوامل کی وجہ سے ہمیں لاسز اٹھانے پڑ رہے ہیں اور جن فیڈرز میں لاسز زیادہ ہیں وہاں پرہمیں لوڈ شیڈنگ کرنی پڑ رہی ہے۔ بجلی چوری سے اور لائن لاسز سے بچنے کیلئے نہ صرف ہم ڈیسکوز کی سطح پر سخت فیصلے لے رہے ہیں بلکہ صارفین کو بھی بجلی چوری جیسے عوامل کی حوصلہ شکنی کرنا ہوگی۔ا ملک بھر میں چار دسمبر سے5297 فیڈرز سے بجلی کی لوڈشیڈنگ مکمل طور پر ختم کرنے کا اعلان کرتا ہوں جسکے نتیجے میں کم از کم 14.915 ملین صارفین کو چار دسمبر رات 12بجے کے بعد لوڈشیڈنگ سے مستثنیٰ کردیا جائیگا۔ اس ضمن میں دیہات و شہر کی تفریق ختم کر دی گئی ہے۔ ملک بھر میں اس وقت 2700 میگا واٹ سے ذائد بجلی سسٹم میں موجو د ہے جسکے نتیجے میں ان تمام فیڈرز سے لوڈ شیڈنگ ختم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے جہاں لائن لاسز نہیں ہیں۔انہوں نے کہاکہ 4 دسمبر سے لیسکو کے 1227، گیپکو کے 748فیڈرز، فیسکوکے 896 ، حیسکو کے 204 فیڈرز، سیپکو کے 24 فیڈرز، کیسکوکے 61 فیڈرز، آئیسکو کے 710 فیڈرز، میپکو کے 763 فیڈرز، پیسکوز کے 309 فیڈرز ، اور ٹیسکوز کے 29 فیڈ رز بغیر کسی تعطل کے بجلی فراہم کریں گے۔ حکومت نے نہ صرف بجلی کی پیداوار کے بہت سے منصوبوں کو تکمیل کیا ہے بلکہ بہت سے منصوبے اس وقت بھی زیر غور ہیں جس سے سسٹم میں بجلی کے اضافہ میں مد د ملے گی ۔اس وقت ملک بھر میں مختلف مقامات پر بجلی کی پیداوار کے کئی منصوبے زیر تکمیل ہیں ا جن علاقوں میں بجلی چوری کے نتیجے میں خسارے کا تناسب 10 فیصد سے زائد ہے وہاں پر ڈیسکوز لوڈ شیڈنگ کے دورانیہ کا تعین خسارے کے تناسب سے کر ے گا۔ لیکن ان علاقوں کے صارفین اپنے علاقوں کے گرڈ سٹیشنز سے خسارے کا بوجھ کم کرنے کے لیے ڈسٹری بیوشن کمپنیز کے ساتھ تعاون کرکے اپنے علاقے میں ہونے والے لوڈ شیڈنگ کا دورانیہ کم یا مکمل ختم کروانے میں مدد دے سکتے ہیں۔ الحمد اللہ ہم اس قابل ہو چکے ہیں کہ ملک سے لوڈ شیڈنگ کا مکمل خاتمہ کر سکیں لیکن ایسے تمام علاقے جہاں بجلی چوری کی جاتی ہے وہاں سسٹم میں زائد بجلی ہونے کے باوجود لوڈ شیڈنگ کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔ بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کو ہدایت جاریکر دی گئی ہے کہ وہ خصوصی اجلاس بلائیں او ر قانون نافذ کرنے والے اداروں کی حوصلہ افزائی کرنے او ربجلی چوری سے بچنے کے لیے خصوصی اقدامات کریں۔ ان علاقوں میں بجلی چوری کی روک تھام کرنے اور اعلی کارگردگی کا مظا ہر ہ کرنے پر ان تمام اہلکاروں کی حوصلہ افزائی کی جائے گی۔ ہم اپنے صارفین سے بھی درخواست کرتے ہیں کہ لوڈ شیڈنگ پر قابو پانے کے لیے وہ ہمارا ساتھ دیں ، اپنے بجلی کے بل وقت پر دیں، بجلی کے میٹرز نصب کریں اور اپنے علاقے میں بجلی چوروں کی بھی نشاہدہی کریں۔

لوڈ شیڈنگ

مزید : صفحہ اول