اہلیان گجرات کا تحصیل رستم میں شمولیت کے خلاف احتجاجی مظاہرہ

اہلیان گجرات کا تحصیل رستم میں شمولیت کے خلاف احتجاجی مظاہرہ

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

بخشالی (نمائندہ پاکستان) اہلیان گجرات کا تحصیل رستم میں شمولیت کے خلاف احتجاجی مظاہرہ۔ مطالبہ پورا نہ ہونے کی صورت میں دس دن بعد بخشالی چوک بند کرنے کی دھمکی ۔ تفصیلات کے مطابق اہلیان گجرات نے یوسی گجرات کو تحصیل رستم میں شامل کرنے کے خلاف بعد از نماز جمعہ گجرات بازار میں بر لب سڑک احتجاجی مظاہرہ کیا۔ جس میں زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے لوگوں نے شرکت کی ۔ مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے انجنیئر یوسف زمان ، تحصیل کونسلر ملک فرزند علی ، اور ملک مختیار علی و دیگر مقررین نے کہا ۔کہ ہم یونین کونسل گجرات کو تحصیل رستم میں شامل کرنے کے فیصلے کو بھر پور طور پر مسترد کرتے ہیں ۔ کیونکہ گجرات مردان شہر سے ملحق علاقہ ہے۔ اور یہاں کے اکثر عوام کی مردان میں یا تو ملازمتیں ہیں یا کاروبار ہے۔ اسی طرح زندگی کے دوسرے شعبوں سے تعلق رکھنے والے اکثر لوگ اور خصوصاً طلباء و طالبات کا دارومدار اور بود و باش کا انحصار مردان شہر پر ہے۔ لہٰذا حکومت وقت کا یہ فیصلہ نہایت غیر منطقی اور زمینی حقائق سے متضاد اور یو سی گجرات کے عوام کی مرضی کے خلاف ہے۔ اس لئے یونین کونسل گجرات کو تحصیل رستم میں شامل کرنے کے فیصلے کو فوری طور پر واپس لیا جائے۔ یا یو سی بخشالی، یو سی گجرات ،یو سی پلو ڈھیری ،یو سی کٹہ حٹ اور قرب و جوار کے دیگر علاقوں کو ملا کر انہیں الگ تحصیل کا درجہ دیا جائے۔ تا کہ یہاں کے عوام کو معمولی معمولی کاموں کے سلسلے میں رستم کے دور دراز سفر کرنے سے نجات مل سکے۔