تخت بھائی‘ لوٹ مار کرنیوالے گروہ کا اہم رکن گرفتار

تخت بھائی‘ لوٹ مار کرنیوالے گروہ کا اہم رکن گرفتار

تخت بھائی(نامہ نگار ) تخت بھائی پولیس نے دس روز قبل سیمنٹ ڈیلر سے گن پوائنٹ پر لاکھوں روپے لوٹنے والے گروہ کے اہم رکن کو گرفتار کر کے لوٹی گئی رقم برآمد کر لی۔پولیس سٹیشن تخت بھائی میں میڈیا کے نمائندوں کو بریفنگ دیتے ہوئے اے ایس پی تخت بھائی سرکل محمد عثمان ٹیپو، ایس ایچ او تھانہ تخت بھائی انسپکٹر عجب خان اور انوسٹی گیشن انچارج انسپکٹر اعجاز خان نے بتایا کہ 20نومبر کو تھانہ تخت بھائی میں علاقے کے تاجر سیمنٹ ڈیلر ہلال احمد ولد خان محمد سکنہ شیخانوں کلے نے رپورٹ درج کرائی کہ نامعلوم ملزمان نے گن پوائنٹ پر ان سے دولاکھ 80ہزار روپے لوٹ لیے ہیں جس پر پولیس نے نامعلوم ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر کے انتہائی باریک بینی سے تفتیش شروع کی اور دوکان کے سیکیورٹی کیمروں سے ملزمان کی شناخت کر کے ڈکیتی کے اہم ملزم عمران ولد خائستہ خان سکنہ شاخ نمبر6کو گرفتار کر لیا جس نے تفتیش کے دوران مذکورہ ڈکیتی سمیت دیگر ڈکیتیوں کا بھی اعتراف کر لیا کہ اس نے شام کے وقت اپنے دیگر دو ساتھیوں کی مدد سے گن پوائنٹ پر 20نومبر کو تخت بھائی کے تاجر ہلال احمد سے 55ہزار روپے لوٹے تھے جو کہ اصل لوٹی گئی رقم تھی، انہوں نے کہا کہ گرفتار ملزم عمران نے6جولائی 2015 ؁ ء کو پشاور تھانہ چمکنی کے حدود میں منی چینجر سے اسلحے کی نوک پر دیگر ساتھیوں کی مدد سے 13کروڑ روپے لوٹے تھے اور پولیس تھانہ چمکنی نے اسے گرفتار کر کے اس کے حصے کی رقم ایک کروڑ 33لاکھ روپے بھی برآمد کی تھی ، اس موقع پر مرکزی انجمن تاجران تخت بھائی کے صدر حاجی طارق خان، قاضی اقبال صافی اوررفیع اللہ رفیع سمیت تاجر رہنماؤں کی بڑی تعداد موجود تھی جنہوں نے تخت بھائی پولیس کی کارکردگی کو سراہا جبکہ ایس ایچ او انسپکٹر عجب خان نے تاجر برادری پر زور دیا کہ وہ اپنی دوکانوں میں سیکیورٹی کیمروں کی تنصیب یقینی بنائیں تاکہ جرائم کی روک تھام سمیت انکا تحفظ یقینی بنایا جا سکے ۔

مزید : پشاورصفحہ آخر