مہاجر نام استعمال کرکے مفادات کو پورا کیا جا رہا ہے،مصطفٰی کمال
کراچی(اسٹاف رپورٹر )پاک سر زمین پارٹی کے چیئر مین سید مصطفی کمال نے کہاہے کہ ہم اقتدار کے بھوکے نہیں بلکہ ہماری پہلی ترجیح سب کو ایک قوم بنانا ہے ہم تفریق کا خاتمہ کرکے سب کو قومی پرچم کے نیچے جمع کرنا چاہتے ہیں،ہم اپنے بچوں کو زیادہ پر امن اور محفوظ مستقبل160 دینے کی جدوجہد میں مصروف ہیں یہی پاکستان کا حال اور اور مستقبل کی واحد امید ہیں ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے لیاقت آباد میں منعقدہ جنرل ورکرز اجلاس کے شر کا سے خطاب کر تے ہوئے کیا۔ اس مو قع پر صدر انیس قائم خانی، سیکرٹری جنرل رضاہارون،سینئر وائس چیئر مین انیس ایڈوکیٹ ، پی ایس پی کے رہنما وڈپٹی مئیر ارشد وہرا ودیگر ذمہ داران بھی موجود تھے۔ انہوں نے کہاکہ مہاجر نام استعمال کرکے اپنے مفادات کو پورا کیا جا رہا ہے ان کو مہاجروں کے مسائل حل کرنے میں کوئی دلچسپی نہیں ہے انہوں نے کہاہمیں لسانیت کی بنیاد پر سیاست نہیں کرنی تمام قومیتوں کو ساتھ لیکر چلنا ہے تاکہ ہم اپنی آنے والی نسلوں کو ایک بہتر پاکستان اور محفوظ مستقبل دے سکیں انہوں نے کارکنوں پر زور دیاکہ وہ پارٹی پیغام کو گھر گھر پہنچائیں تاکہ اللہ تمام کارکنوں سے تمام انسانوں کی فلاح وبہبود کاکام لیں انہوں نے کہاکہ ہم نظام کی تبدیلی کیلئے آئے ہیں اور اس کیلئے ہماری کوشش ہے کہ رنگ و نسل،زبان اوردیگر بنیادوں پر پائے جانیوالے تضادات مکمل ختم ہوں۔