آصف زرداری نے جیل جانے کی تیاریاں مکمل کرلیں :حامد میرنے شریک چیئر مین پیپلز پارٹی کے جیل میں ڈاکٹرز اور ادویات کے بارے میں حیران کن انکشاف کردیا
اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن) تجزیہ کار حامد میر نے انکشاف کیاہے کہ آصف زرداری نے جیل جانے کیلئے تیار ی مکمل کرلی ہے ، پنجاب کی جیل میں جائیں گے تو کونسے ڈاکٹر ز اور ادویات مہیا کی جائیں گی اور اگر سندھ کی جیل میں جانا پڑا تو انتظام کیا ہو گا ، اب ان کی کوشش ہے کہ حکومت ان کو جیل پہنچا دے ۔
جیونیوز کے پروگرام ”آج شاہ زیب خانزادہ کے ساتھ“ میں گفتگو کرتے ہوئے تجزیہ کار حامد میر نے کہاکہ وزیر اعظم کو بتانا چاہئے کہ ان سے این آر او کون مانگ رہا ہے ؟ حکومت کے چلنے یا نہ چلنے کے بارے میں آصف زرداری کی اپنی رائے ہے اور وہ خود جیل جاناچاہتے ہیں، آصف زرداری کی کوشش ہے کہ حکومت کسی طرح ان جیل پہنچا دے اور اس کے بعد بلاول کے لب و لہجے میں تبدیلی آجائیگی ۔
انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی ایک بڑی اپوزیشن کا کردار ادا کرنا چاہتی ہے اور اس حوالے سے زرداری صاحب نے بڑی تیاری کی ہوئی ہے کہ اگر پنجاب کی جیل میں جائیں گے تو کونسے کونسے ڈاکٹر ان کو کونسی ادویات پہچائیں گے اور سندھ کی جیل میں جائیں گے تو وہاں کیا ہوگا ؟ اس حوالے سے آصف زرداری کی تیار ی مکمل ہے ۔ انہوں نے کہا جنوبی پنجاب صوبے پر الفاظ کی بازیگری نہیں کی جاسکتی ، اگر حکومت نے جنوبی صوبہ بنانا ہے تو اپوزیشن کی دوپارٹیوں مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی میں سے کسی ایک کوساتھ لیکر چلنا پڑے گا ۔