ہائیکورٹ بینچ کا قیام نہ صرف وکلاء بلکہ شہریوں کا بھی دیرینہ مطالبہ ہے‘ اپٹپما

ہائیکورٹ بینچ کا قیام نہ صرف وکلاء بلکہ شہریوں کا بھی دیرینہ مطالبہ ہے‘ ...

فیصل آباد (بیورورپورٹ) ہائیکورٹ بینچ کا قیام نہ صرف وکلاء بلکہ شہریوں کا بھی دیرینہ مطالبہ ہے، جسے فوراً عملی جامہ پہنانے کی ضرورت ہے شہر کی تاجر اور صنعتی برادری عوام کے مفاد میں وکلاء کی جانب سے ہائیکورٹ بینچ کے قیام کیلئے چلائی جانے والی حالیہ احتجاجی تحریک کی بھر پور حمایت کرتے ہوئے اپنے تعاون کا یقین دلاتی ہے۔ ان خیالات کا اظہار آل پاکستان ٹیکسٹائل پروسیسنگ ملز ایسوسی ایشن ( اپٹپما) کے چئیرمین انجئنیر رضوان اشرف اور ریجنل چےئرمین چوہدری حبیب احمد گجر نے اپنے ایک مشترکہ بیان کے ذریعے کیا۔ انہوں نے کہا کہ برسوں سے فیصل آباد میں ہائیکورٹ بینچ کیلئے جدوجہد جاری ہے ،سابقہ حکومت نے وکلاء کی اس تحریک کے نتیجہ میں بینچ کے قیام کا اعلان تو کر دیا تھا مگر اسے عملی تعبیر دینے میں ناکام رہے۔

جبکہ موجودہ حکمرانوں نے بھی اس مطالبہ کی حمایت کرتے برسر اقتدار آکر اس کے قیام کیلئے فیصلہ کن کردار ادا کرنے کا وعدہ کیا تھا۔ یہی وجہ ہے کہ اب وکلاء کی یہ تحریک دوبارہ شروع ہو چکی ہے اور احتجاج میں شدت کی وجہ سے نہ صرف عدالتوں بلکہ کچہریوں میں لوگوں کے کام رک گئے ہیں اور سائلین دھکے کھانے پر مجبور ہیں۔ فیصل آباد پاکستان کا تیسرا بڑا شہر ہونے کے باوجود ہائیکورٹ بینچ کی سہولت سے محروم ہے حالانکہ ملتان جیسے شہر میں بینچ قائم ہے، انہوں نے کہا فیصل آباد میں ہائیکورٹ بینچ کے قیام سے پورے ریجن کے عوام کو فائدہ ہو گا ، سرگودہا، میانوالی، ٹوبہ ٹیک سنگھ جیسے اضلاع کے عوام اپنے گھروں کے قریب انصاف کی سہولت سے بہ آسانی استفادہ کر سکیں گے اور ان کے اخراجات میں بھی بچت ہو گئی۔ افسوس تو یہ ہے کہ صرف لاہور کے وکلاء کو فائدہ پہنچانے کے لئے فیصل آباد ریجن کے عوام کو ان کے حق سے محروم رکھا جارہا ہے ۔ ایک شہر کے وکلاء کے مفاد کے پیش نظر پورے ریجن کے وکلاء اور انصاف کے طالب شہریوں کو اذیت دی جارہی ہے ، ان رہنماؤں نے چیف جسٹس آف پاکستان سے مطالبہ کیا کہ جہاں وہ عوام کو سہولت کیلئے آئے روز سوموٹو نوٹس لیتے رہتے ہیں وہاں اس معاملے پر ان کی خاموشی مناسب نہیں، انہیں چائیے کہ وہ اپنی ریٹائرمنٹ سے پہلے پہلے اس دیرینہ مطالبے کو پذیرائی بخشتے ہوئے فیصل آباد میں ہائی کورٹ بینچ کے قیام کو یقینی بنا کر جائیں۔ کیونکہ اس میں پورے ریجن کی عوام کو فائدہ ہو گا۔

مزید : کامرس