مالی سال کی دوسری سہ ماہی میں قومی بچت سکیم کو 84ارب حاصل
اسلام آباد (اے پی پی) سینٹرل ڈائریکٹوریٹ آف نیشنل سیونگز(سی ڈی این ایس) نے رواں مالی سال کی دوسری سہ ماہی کے پہلے ماہ کے دوران قومی بچت کی سکیموں کی مد میں 84 ارب روپے حاصل کئے۔ سی ڈی این ایس کے ایک اہلکارنے ’’اے پی پی‘‘ کو بتایاکہ ادارہ قومی بچت نے رواں مالی سال کیلئے مجموعی طورپر228 ارب روپے جمع کرنے کا ہدف مقرر کیا ہے، ادارہ قومی بچت نے یکم نومبر 2018ء سے مختلف سکیموں پرمنافع کی شرح پرنظرثانی بھی کی ہے۔ انہوں نے کہاکہ حالیہ نظرثانی مارکیٹ کی صورتحال کے تناظر میں کی گئی ہے تاکہ حکومتی پالیسی کے تحت بچت کرنے والوں کو مارکیٹ کی بنیاد پرمسابقتی قیمتوں پر منافع دیا جاسکے۔ انہوں نے بتایا کہ وفاقی حکومت کی طرف سے جاری نوٹیفیکشن کے مطابق ڈیفنس سیونگز سرٹیفیکیٹ، سپیشل سیونگز سرٹیفیکیٹ، ریگولرانکم سرٹیفیکیٹ، سیونگز اکاؤنٹس اورشہداء فیملی ویلفئیر اکاؤنٹ پر بالترتیب 10.03، 8.83، 9.72، 7، 11.8 اور11.88 فیصد کی شرح سے نظرثانی کی گئی ہے۔اسی طرح بہبودسیونگز سرٹفیکیٹس اورپنشنرز بینیفیٹ اکاؤنٹس پر منافع میں بھی نظرثانی کی گئی ہے اوردونوں سکیموں پرمنافع کی شرح اب 11.88 فیصد کردی گئی ہے۔