چین کا بیل آؤٹ پیکجز دینے کا اعلان خوش آئند ہے،جمشید اقبال

چین کا بیل آؤٹ پیکجز دینے کا اعلان خوش آئند ہے،جمشید اقبال

لاہور(پ ر )پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما جمشید اقبال چیمہ نے کہاہے کہ پوری قوم کی وزیر اعظم عمران خان سے بے پناہ امیدیں ہیں اور یہ ضرور پوری ہوں گی لیکن یہ طے ہے کہ عمران خان کئی دہائیوں کے پارٹنرزرداری اور شریف خاندان کی دوبارہ کرپشن کرنے کی امید یں پوری نہیں ہونے دیں گے ،چین کی جانب سے مختلف سیکٹرز میں سرمایہ کاری کیلئے بیل آؤٹ پیکجز دینے کا اعلان خوش آئند ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مقامی ہوٹل میں منعقدہ تقریب میں شرکت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ جمشید اقبال چیمہ نے کہا کہ (ن) لیگ اور پیپلز پارٹی نے اپنے ادوار میں ملکی معیشت کے ساتھ جو کھلواڑ کیا ہے اس کا خمیازہ آج پوری قوم بھگت رہی ہے ۔ وزیر اعظم عمران خان نے معیشت کو سنبھالا دینے کیلئے جو اقدامات اٹھائے ہیں پوری دنیا اس کی معترف ہے ۔ انہوں نے کہا کہ عوام پیپلز پارٹی اور (ن) لیگ سے امیدیں وابستہ کرنے کی بجائے ان کی کرپشن کی سیاست سے پناہ مانگتے ہیں۔ عوام نے وزیر اعظم عمران خان سے جوامیدیں لگا ئی ہیں انشا اللہ یہ پوری ہوں گی اور اس سے پسے ہوئے طبقات کی زندگیوں میں خوشگوار تبدیلی آئے گی ۔ جمشید چیمہ نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان پیپلز پارٹی اور (ن) لیگ کی قومی خزانے میں دوبارہ نقب لگانے کی امید وں کو پورا نہیں ہونے دیں گے بلکہ قانون سازی کے ذریعے ان پر ہمیشہ کیلئے پانی پھیر دیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ چین کی جانب سے واضح کہا گیا ہے کہ پاکستان کو قرض نہیں پیکج دیں گے جو انتہائی حوصلہ افزاء ہے اور اس سے ہماری معیشت کو تقویت ملے گی۔

مزید : میٹروپولیٹن 1