صوبائی وزیر انسانی حقوق کالاہور اور سرگودھا میں انسانیت سوز واقعات کا نوٹس

صوبائی وزیر انسانی حقوق کالاہور اور سرگودھا میں انسانیت سوز واقعات کا نوٹس

لاہور(لیڈی رپورٹر)صوبائی وزیر انسانی حقوق واقلیتی امور اعجاز عالم کا خصوصی افراد کے عالمی دن پر انسانی حقوق کے تحفظ کو یقینی بناتے ہوئے لاہور اور سرگودھا میں انسانیت سوز واقعات کا خصوصی نوٹس۔ لاہور میں ایک ہی خاندان کے چار بھائی اور ایک بہن معذوری کے ساتھ فالج کا شکار اور بیو ہ بوڑھی ماں بڑی مشکل سے علاج و معالجہ وغیرہ کی ضروریات پوری کر رہی ہے۔صوبائی وزیر کی جانب سے متاثرہ خاندان کو مالی معاونت اور علاج و معالجہ کے ساتھ بیوہ عورت کے گھر پر ناجائز قبضہ ختم کرانے کی بھی یقین دہانی کرائی گئی۔انہوں نے متاثرہ خاندان کو کہا کہ بہت جلد وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار سے مالی امداد کی منظوری کے ساتھ متاثرہ خاندان کو مکمل تحفظ فراہم کیاجائے گا۔ایک اور واقعہ میں سرگودھا میں کم عمر گھریلو ملازمہ پر تشدد کے انسانیت سوز واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے ڈی پی او سرگودھا حسن رضا خان سے ٹیلیفونک رابطہ کیا اور فی الفور ایف آئی آر کا اندراج کر کے ملزمان کے خلاف قانونی کارروائی کا حکم دیا ۔انہوں نے متاثرہ بچی کو فوری ہسپتال داخل کرانے اور خاندان کو مکمل تحفظ فراہم کرنے کی بھی ہدایت کی۔صوبائی وزیر کا کہنا ہے کہ پنجاب حکومت چائلڈ لیبر کے خاتمہ کے ساتھ پنجاب بھر میں خواتین بالخصوص بچیوں کی حفاظت یقینی بنانے کیلئے تمام ممکن اقدامات یقینی بنا رہی ہے۔

مزید : میٹروپولیٹن 1