پمپ مالکان کا ہیلمٹ اور شیشے کے بغیر پٹرول دینے سے انکار
لاہور( سٹی رپورٹر )لاہور میں بغیر ہیلمٹ اور شیشے کے موٹر سائیکل سواروں کا پیٹرول بند کردیا گیاہے۔پیٹرول پمپ مالکان کا ہیلمٹ کے بغیر موٹر سائیکل سواروں کو پیٹرول نہ دینے سے رات گئے شہری پریشان رہے۔ شہریوں نے شکوہ کرتے ہوئے کہا کہ وہ پیٹرول ڈلوائیں یا پہلے مارکیٹ سے جاکر ہیلمٹ اور مرر خریدیں۔ڈیفنس فیز 1اور 2 میں واقع پیٹرول پمپ مالکان نے ہیلمٹ کے بغیر پیٹرول دینے سے انکارکیاہے۔واضح رہے کہ پنجاب میں نومبر میں بغیر ہیلمٹ کے پیٹرول پر پابندی عائد کر کی گئی تھی جس پر عملدرآمد اب شروع کردیاگیاہے۔بغیر ہیلمٹ موٹرسائیکل سواروں کو پٹرول نہ دینے کی پابندی غیر معینہ مدت تک رہے گی۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل نے نوٹیفکیشن نمبر جی ایچ سی/آٹھ سو پانچ کے ذریعے ہیلمٹ کے بغیر پٹرول فروخت کرنے پر پابندی عائد کی۔ضلعی انتظامیہ نے یہ حکم نامہ چیف ٹریفک آفیسر کی جانب سے بھیجے گئے مراسلے پر جاری کیا۔ اے ڈی سی جی نے متعلقہ محکمہ سے اس پابندی پر عملدرآمد کی رپورٹ بھی طلب کر لی ہے