نوجوان ہماورا مستقبل ، انہیں فنی تعلیم ی جانب راغب کرنا ناگزیر ہے : فیصل حیات جبوانہ

نوجوان ہماورا مستقبل ، انہیں فنی تعلیم ی جانب راغب کرنا ناگزیر ہے : فیصل حیات ...

لاہور(سٹی رپورٹر)نیوٹیک کے زیرِ اہتمام زونل سکل کمپٹیشن کی انعامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب کے مشیر برائے لائیوسٹاک فیصل حیات جبوانہ نے کہا نوجوان ہمارا مستقبل ہیں، اس ملک کی ترقی آپ نوجوانوں پر ہی منحصر ہے۔ آج کا دن میرے لئے بہت اہم ہے کیونکہ میں نیوٹیک کے تربیت یافتہ ہنر مند نوجوانوں سے مخاطب ہوں۔ اُنہوں نے کہا نوجوان نسل کو فنّی تعلیم کی جانب راغب کرنے کی ضرورت ہے۔خاص کر اُن نوجوانوں کو جو عمومی تعلیم چھوڑ چکے ہیں۔ فیصل حیات نے کہا کہ کسی بھی ملک کی ترقی میں انڈسڑی کلیدی کردار رکھتی ہے اور انڈسٹری ہنر مند نوجوانوں کے بغیر ترقی نہیں کر سکتی۔لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے بانی رحمت اللہ جاوید نے کہا کہ فنّی تعلیم کے فروغ کے بغیر کسی بھی ملک کی ترقی کا تصور نا ممکن ہے۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے نیو ٹیک کے ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر احمد جاوید قاضی نے کہا ہنرمندی کے ان مقابلہ جات کی وجہ سے نہ صرف نو جوانوں میں مقابلے کاجذبہ پیدا ہوا ہے بلکہ تربیت فراہم کرنے والے اداروں میں بھی ایک دوسرے سے سبقت لے جانے کی فضا پیدا ہوئی ہے ۔انہوں نے بتا یا ان مقابلہ جات میں لاہور اور ساہیوال ڈویژنز کے سینکڑوں ہنر مند نو جوانوں نے منتخب کردہ 11 ٹریڈز میں اپنی کار کردگی کا مظا ہرہ کیا ۔نیوٹیک نے زونل سکل کمپٹیشن کا انعقاد پاکستان انڈسٹریل ٹیکنیکل اسسٹنس سنٹر لاہور میں کیا ۔ جس میں ڈائریکٹر جنرل پٹاک عرفان ظہیر، وویمن چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی بانی ڈاکٹر شہلاجاوید اکرم اور سابقہ صدر فلاحت عمران کے علاوہ مختلف صنعت کاران ، تربیتی اداروں کے سربراہان اور نوجوان طلباء و طالبات کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ریفریجریشن اینڈ ایئر کنڈشنگ ٹریڈ میں فیصل رضا ،آٹو مکینک ٹریڈ میں الطاف حسین ،ویلڈ ر ٹریڈ میں ارسلان انجم ،ڈرا ئیونگ ٹریڈ میں محسن رضا ،کوکنگ ٹریڈ میں نوشین مبشر ،میسن ٹریڈ میں عبد الحمید، انڈسٹریل الیکٹریشن ٹریڈ میں محمد خان ،پلمبر ٹریڈ میں ظہیر علی ،ڈریس میکنگ ٹریڈ تنذیلہ مختار اور بیوٹیشن ٹریڈ میں شمائلہ رضا نے پہلی پو زیشن حاصل کی ۔

مزید : میٹروپولیٹن 1