نا معلوم افراد کی فائرنگ،دارالامان سے واپسی پر خاتون قتل ،ملزم فرار

نا معلوم افراد کی فائرنگ،دارالامان سے واپسی پر خاتون قتل ،ملزم فرار

چوک ادو ‘ مظفر گڑھ ‘ چوک سرور شہید (تحصیل رپورٹر ‘ سپیشل رپورٹر ‘ نامہ نگار ) دارالامان سے کار سے واپس گھر آنے والی خاتون پر(بقیہ نمبر23صفحہ12پر )

نامعلوم افرادنے فائرنگ کردی جس سے وہ موقع پر جاں بحق ، رشتہ دار خاتون شدید زخمی، تفصیل کے مطابق چوک سرورشہید کے مرکزی چوک ایم ایم روڈ پر فائرنگ کا اندوھناک واقعہ پیش آیا نامعلوم شخص نے کار پر اندھادھند فائرنگ کردی ۔ جس سے شہر میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ کار ڈرائیور موقع سے گاڑی کو تیز ی سے بھگا لے جانے میں کامیاب ہوگیا۔ اطلاع ملنے پر ایس ایچ او تھانہ چوک سرورشہید غلام محی الدین نے فوری طور پر کار کا پیچھا کیا ۔ اور دس کلومیٹر جا کر گاڑی کو روکا ۔ تو دیکھا اس میں ایک خاتون خون میں لت پت مردہ حالت میں اور دوسری خاتون شدیدزخمی تھی۔ جنہیں پولیس نے ٹی ایچ کیو ہسپتال چوک سرورشہید منتقل کیا۔ جہاں معلوم ہوا کہ مقتولہ کا نام تسلیم بی بی زوجہ محمد رمضان ہے اور زخمی خاتون نیلم بی بی اسکی دیورانی ہے۔ جبکہ دیور محمد ثقلین ، اور کارڈرائیور محفوظ رہے کارکا نمبرRA -914 تھا اور ڈرائیور لیہ کا رہائشی تھا۔ ڈرائیور محمد حفیظ نے بتایا کہ وہ تو ٹیکسی ڈرائیور ہے مقتولہ خاتون دارالامان لیہ میں تھی جسے اس کا دیور محمد ثقلین اور دیورانی نیلم بی بی دارالامان سے لیکر آئے تھے اور انہوں نے ہیڈ محمد والا کے لئے گاڑی بک کرائی تھی۔ جبکہ مقتولہ کے دیور ثقلین نے بتایا کہ وہ فائرنگ کرنے والے کو پہچان سکتا ہے۔ مقتولہ کا شوہر محمد رمضان ایک نشئی ہے اور اس کے ظلم وستم سے تنگ آکر مقتولہ تسلیم بی بی نے دارالامان میں پناہ لی تھی۔ اور آج ہم اسے منا کر واپس گھر لارہے تھے کہ اس پر فائرنگ کرکے قتل کردیا گیا ہے ۔ پولیس تھانہ سرورشہید مصروف تفتیش ہے۔ ایس ایچ او غلام محی الدین نے بتایا کہ تفتیش کے بعد ہی قتل کے محرکات معلوم ہوسکیں گے۔تاہم ملزم ابھی تک فرار ہیں۔

مزید : ملتان صفحہ آخر