عمران خان نے خوشحال پاکستان کی بنیاد رکھ دی ،وعدے پورے ہونگے،کامران سیف

عمران خان نے خوشحال پاکستان کی بنیاد رکھ دی ،وعدے پورے ہونگے،کامران سیف

لاہور(سٹی رپورٹر )پاکستان مسلم لیگ ق کے راہنما وسیکرٹری اطلاعات پاکستان مسلم لیگ لاہور میاں کامران سیف نے ملک بھر میں پٹرولیم مصنوعات میں 2روپے فی لیٹر تک کمی کے فیصلہ کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ اس سے عوام کو ریلیف ملے گا انہوں نے کہا کہ سابق حکومت کی طرف سے بے تحاشا قرضوں کے باعث ملک دیوالیہ پن کے قریب پہنچ گیا موجودہ حکومت کے اقتدار سنبھالتے ہی معاشی صورتحال انتہائی خراب ملی۔آئی ایم ایف کی طرف سے قرضوں کی واپسی کی قسط کی ادائیگی ایک اہم مسئلہ تھا جسے عمران خان نے اپنی فہم و فراست سے حل کیا اور دوست اسلامی ممالک بشمول چین کے کامیاب دوروں سے ملک کو اقتصادی بحران سے نجات دی اب معیشت درست سمت گامزن ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے مسلم لیگ ہاؤس میں کارکنوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔میاں کامران سیف نے کہا کہ عمران خان نے خوشحال پاکستان کی بنیاد رکھ دی ہے انشاء اللہ تمام وعدے پورے ہونگے۔پنجاب سمیت ملک بھر میں منصوبوں میں کرپشن اور بدعنوانیاں سامنے آئی ہیں جن میں ملک کا اربوں روپے لوٹا گیا انشاء اللہ پاکستان مسلم لیگ اور تحریک انصاف مل کر سابقہ گند صاف کرے گی اور کرپٹ افراد کو عدالت کے کٹہرے میں لاکر ان سے لوٹی ہوئی دولت برآمد کرکے قومی خزانے میں جمع کروائی جائے گی اور ایسے قوانین بنائے جائینگے کہ ملک کو کرپشن سے پاک کیا جاسکے۔100دن میں ترجیحات طے کرلی ہیں اب عوامی خوشحالی کیلئے کام ہوگا۔

مزید : میٹروپولیٹن 4