سیاسی وابستگیوں سے بالا تر ہو کر عوام کی خدمت اولین تر جیح ہے ، ڈاکٹرامجد علی

سیاسی وابستگیوں سے بالا تر ہو کر عوام کی خدمت اولین تر جیح ہے ، ڈاکٹرامجد علی

پشاور( سٹاف رپورٹر)خیبر پختونخواکے وزیر معدنیات ڈاکٹر امجد علی خان نے یونین کونسل غالیگے سوات میں 334 درخواست گزاروں کو سوئی گیس کنکشن کے ڈیمانڈ نوٹس حوالے کرتے ہوئے کہا ہے کہ تحریک انصاف کی حکومت سیاسی وابستگیوں سے بالاتر ہوکر اپنے عوام کی خدمت کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ بریکوٹ تحصیل کے 90 فیصد گھروں کو گیس کی فراہمی بہت جلد مکمل ہوجائیگی اور عوام کو زیادہ سے زیادہ سہولتیں فراہم کرنا موجودہ حکومت کا مطمع نظر ہے۔ ڈاکٹر امجد علی کا کہنا تھا کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت کو عوامی مسائل کا بخوبی ادراک اور احساس ہے اور ایسے اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں جن کی بدولت اجتماعی طور پر بنیادی مسائل حل ہوں اور غریب لوگوں کو جلد ریلیف مل سکے۔ ڈاکٹر امجد علی نے کہا کہ وہ اپنے حلقہ نیا بت میں صحت و تعلیم سمیت پانی، بجلی اور گیس کی سہولتوں کی فراہمی کے لئے تمام تر وسائل بروئے کار لا رہے ہیں تا کہ علاقہ کے عوام ترقی اور خوشحالی سے ہمکنار ہو سکیں۔ صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ سوئی گیس کنکشن کی فراہمی کی بدولت علاقے کی آبادی کو جہاں سہولت میسر ہو گی وہاں قیمتی جنگلات کا بھی تحفظ ہو گا اور ماحول کو صاف رکھنے کی کاوشیں کامیاب ہونگی۔

مزید : پشاورصفحہ آخر