معذور افراد کو سرکاری ملازمتوں میں مختص کوٹہ دیا جائے ،پیر مقبول احمد
پشاور(سٹاف رپورٹر) صوبائی الیکشن کمشنر، خیبر پختونخوا پیر مقبول احمدنے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن میں افراد باہم معذوری کے لئے سرکاری ملازمتوں میں مختص کوٹہ پر عمل در آمد کیا جارہا ہے یہ بات انہوں نے آج اپنے دفتر میں افراد باہم معذوری کے عالمی دن کے حوالہ سے منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا۔ کہ الیکشن کمیشن کی جانب سے صوبائی سطح پر اس دن کے منانے کا مقصد ان کی جمہوری عمل میں شرکت کو یقینی بنا نا ہے صوبائی الیکشن کمشنر نے کہا کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان ملک میں انتخابی عمل کو شفاف بنانے اور خواتین سمیت معذور افراد کی شمولیت یقینی بنانے کے لئے کوشاں ہے۔ اوراس سلسلے میں متعدد اقدامات اٹھائے ہیں۔ پیر مقبول احمد نے بتایا۔ کہ عام انتخابات 2018میں معذور افراد کو ووٹ ڈالنے میں آسانی کی پیش نظر الیکشن ایکٹ 2017کے تحت پوسٹل بیلٹ پیپرز کی سہولت فراہم کی گئی۔ اور مختلف پولنگ اسٹیشنوں کو قابل رسائی بنانے کے لئے ریمپس (RAMPS) بنائے گئے۔ جبکہ حالیہ عام انتخابات کے لئے تقریبا تمام پولنگ اسٹیشنوں کو گراونڈ فلورپر ہی قائم کرنیکی کوشش کی گئی۔ تاکہ معذور افراد، خواتین اور بزرگ شہریوں کو ووٹ ڈالنے میں آسانی ہوصوبائی الیکشن کمشنر نے کہا کہ افراد باہم معذوری بھی ہمارے معاشرے کا حصہ ہے۔ اور ہم سب کو ان کے جملہ مسائل اور مشکلات کا ادراک کرنا چاہئے۔اورافراد باہم معذوری کی آسانی کے لئے الیکشن کمیشن آف پاکستان نے فیصلہ کیا ہے کہالیکشن کمیشن کے تمام دفاتر کو ان افراد کے لئے قابل رسائی بنایا جائے۔ پہلے مرحلے میں اگلے سال میں پاک پی ڈبلیو کے ذریعے الیکشن کمیشن سیکرٹریٹ اسلام آباد اور صوبائی الیکشن کمشنرز کے چاروں دفاتر کو قابل رسائی بنایا جائیگا انہوں نے تقریب کے کامیاب انعقاد پر سپیشل پرسنز ڈویلپمنٹ ( ایس پی ڈی اے) ، جینڈر اینڈ ڈیسیبلیٹی الیکٹورل ورکنگ گروپ کی کاوشوں کی تعریف کی اور بتایا کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان ان شاء اللہ ہر سال اسی دن کو شایان شان طریقے سے منائے گااس سے پہلے ڈائریکٹر جینڈر افئیزز ہارون خان شینواری، ایس پی ڈی اے کے صدر احسان اللہ داودزئی، اسلامیہ کالج کے لیکچرار شکیل اقبال نے بھی خطاب کیا اپنے خطاب میں ہارون شینواری نے شرکاء کو خوش آمدید کہا اور اسی دن کے مناسبت سے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ احسان اللہ داودزئی نے معذوروں کے عالمی دن کی اہمیت اور پس منظر پر روشنی ڈالی اور معذور افراد کے لئے الیکشن کمیشن کی جانب سے کئے گئے اقدامات کو سراہا۔ تقریب میں سول سوسائٹی کے نمائیندوں ، معذور افراد اور الیکشن کمیشن کے افسران و اہلکاروں نے بھی شرکت کی۔