چارسدہ میں عوامی مسائل کے حل کیلئے کھلی کچہری کا انعقاد
چارسدہ (بیورو رپورٹ) ڈپٹی کمشنر اور ڈی پی او چارسدہ کی کھلی کچہری ۔ کھلی کچہری میں منتخب عوامی نمائندوں ، ڈی آر سی ممبران ،عمائدین علاقہ اور عوام الناس کی کثیر تعداد میں شرکت ۔ ڈپٹی کمشنر اور ڈی پی او نے عوام کے مسائل سے آگاہی حاصل کرکے بیشتر مسائل کے حوالے سے موقع پر احکامات جاری کر دئیے ۔ صوبائی حکومت عوام کی بنیادی مسائل حل کرنے میں سنجیدہ ہے اور اس حوالے سے مختلف علاقوں میں کھلی کچہریوں کا انعقاد کیا جائیگا۔ ڈپٹی کمشنر اور ڈی پی او کا خطاب ۔ تفصیلات کے مطابق ڈپٹی کمشنر عدیل شاہ اور ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر چارسدہ عرفان اللہ خان نے تھانہ مندنی میں عوام کے مسائل سے آگاہی حاصل کرنے کیلئے کھلی کچہری لگائی ۔ کھلی کچہری میں ا سسٹنٹ کمشنرچارسدہ محمد عبداللہ محمود، ڈی ایس پی سرڈھیری فضل شیر خان ، ایس ایچ او تھانہ خانمائی دیگر پولیس افسران سمیت پبلک لیزان کونسل کے ممبران ،منتخب عوامی نمائندے،علاقہ مشران اور کثیر تعداد میں عوام الناس نے شرکت کی۔کھلی کچہری میں عوام نے ڈپٹی کمشنر اور ڈی پی او چارسدہ کے سامنے علاقے کے مسائل بیان کئے جس پر دونوں افسران نے بیشتر مسائل کے حوالے سے موقع پر احکامات جاری کر دئیے۔ اس موقع پر خطاب کر تے ہوئے ڈپٹی کمشنر عدیل شاہ اور ڈی پی او عرفان اللہ خان نے کہا کہ صوبائی حکومت کی ہدایت پر کھلی کچہریوں کا انعقاد کیا جا رہا ہے تاکہ عوام کے بنیادی مسائل سے آگاہی حاصل ہو سکے ۔ انہوں نے کہاکہ حکومت عوام کے مسائل حل کرنے میں سنجیدہ ہے اور پولیس افسران سمیت ضلعی انتظامیہ کو اس حوالے سے ضروری ہدایات جاری کئے گئے ہیں۔انہوں نے کہاکہ معاشرے کے ہر فرد کو سماجی برائیوں کے خلاف اپنا کر دار ادا کرنا ہو گا۔ سرکاری دفاتر اور تھانوں میں بزرگ شہریوں اور غریب عوام کی عزت اور وقار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائیگا۔ عوام الناس کے تعاون سے پر امن اور خوشحال معاشرے کا خواب شرمندہ تعبیر کیا جا سکتا ہے ۔ ہوائی فائرنگ ،سود ،منشیات فروشی ،جواء بازی اور دیگر سماجی جرائم کے روک تھام کے لیے ٹھوس بنیادوں پر کاروائیاں جاری ہے اور اس حوالے سے کسی بھی بااثر شخص کی سفارش قبول نہیں کی جاتی ۔