حکمرانوں اور عوام کے مابین کوئی پردہ حائل نہیں رہنے دیں گے، اجمل خان وزیر

حکمرانوں اور عوام کے مابین کوئی پردہ حائل نہیں رہنے دیں گے، اجمل خان وزیر

پشاور( سٹاف رپورٹر)حکومت خیبر پختونخوا کے ترجمان اجمل خان وزیر نے کہا ہے کہ گورنر ہاوس اور بڑے ایوانوں کے دیواریں گرانا دراصل امارت اور غربت کے مابین حائل دیواریں مسمار کرنا ہے۔ نئے پاکستان میں حکمرانوں اور عوام کے درمیان فاصلے مٹائے جارہے ہیں جس سے روایتی سیاستدانوں کی نیندیں حرام ہوئیں ہیں۔ گورنر ہاوس پنجاب کی دیواریں گرانے کے حوالے سے ن لیگ کی ترجمان مریم اورنگرزیب اور دیگراپوزیشن رہنماؤں کی تنقید پر اپنے رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے ترجمان نے کہا کہ بڑے ایوانوں کی دیواریں گرنے سے ان کے پیچھے حکمرانوں کی شاہانہ طرز رہائش اور پرُ تعیش زندگی عوام کے سامنے بے نقاب ہوگی۔ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت پہلے ہی ایسی قانون سازی کررہی ہے جس سے حکومتی سطح پر کوئی بھی معلومات عوام سے مخفی نہیں رکھی جاسکیں گی۔ خیبر پختونخوا میں ہماری حکومت کی جانب سے رائٹ ٹو انفارمیشن کا قانون پہلے ہی سے رائج ہے جسے دنیا بھر میں اس حوالے سے اب تک بنے ہوئے بہترین قوانین میں شمارکیا جاتا ہے اجمل خان وزیر کہا کہ ہماری حکومت وفاق اور صوبوں میں ایسے تمام مادی اور ذہنی دیواروں کو گرائے گی جو عوام اور حکمرانوں کے مابین امتیاز اور تفریق پیدا کرتی ہیں ہم حکمرانوں اور عوام کے مابین کوئی پردہ حائل نہیں رہنے دیں گے۔

مزید : پشاورصفحہ آخر