قوم کے ساتھ دھوکا بند کیا جائے ، منرل واٹر کمپنیاں آئندہ پیر تک معملات درست کر لیں ورنہ فیکٹریاں بند کر دینگے : چیف جسٹس

قوم کے ساتھ دھوکا بند کیا جائے ، منرل واٹر کمپنیاں آئندہ پیر تک معملات درست ...

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) سپریم کورٹ نے منرل واٹر کمپنیوں کو آ ئندہ پیر تک اپنے معاملات درست کرنے کی مہلت دیتے ہوئے چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ اگر پیر تک معاملات درست نہ ہوئے تو فیکٹریوں کو بند کر دیں گے۔چیف جسٹس کی سربراہی میں منرل واٹر کمپنیوں کے پانی کی فروخت سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی۔سماعت کے آغاز پر چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ دریائے سندھ اور نہر کا پانی منرل واٹر کے طور پر استعمال ہو رہا ہے، کمیشن رپورٹ دیکھ کر دل کرتا ہے تمام کمپنیاں بند کر دیں۔اس دوران منرل واٹر کمپنی کے وکیل نے مؤقف اپنایا کہ واٹر کمپنیوں کو بہتری کیلئے وقت دیا جائے۔اس پر جسٹس ثاقب نثار نے ریمارکس دیئے کہ پانی کسی صورت چوری نہیں کرنے دیں گے، زیر زمین پانی کی قیمت ہر صورت ادا کرناہو گی۔چیف جسٹس نے کمپنیوں کو ایک ہفتے میں نظام ٹھیک کرنے کی مہلت دیتے ہوئے کہا کہ نظام ٹھیک نہ کیا تو کمپنیاں بند کردیں گے، نظام بہتر کرنے پر ہی کمپنیوں کو کام کرنے کی اجازت دیں گے۔اس موقع پر جسٹس اعجاز الاحسن نے کہا کہ کمیشن رپورٹ کے مطابق کمپنیوں کے پاس پانی ٹیسٹ کرنے کا نظام نہیں۔کمیشن کے رکن نے بھی عدالت کو بتایا کہ کراچی میں زیر زمین پانی کی سطح 1300 فٹ تک پہنچ چکی، پنجاب میں نہریں خشک ہو چکیں، سیوریج کے پانی سے سبزیاں اگ رہی ہیں، آلودہ پانی بغیر ٹریٹمنٹ زیرزمین بہا دیا جاتا ہے، 7 ارب لیٹر پانی منرل واٹر کمپنیاں ماہانہ نکالتی ہیں، سندھ میں صنعتیں نہری اور دریائے سندھ کا پانی مفت استعمال کررہی ہیں، کوئی صنعت پیسہ دے بھی رہی ہے تو وہ خزانے میں نہیں جاتا۔اس موقع پر کمپنی کے وکیل شاہد حامد نے کہا کہ تمام کمپنیاں پانی کی قیمت ادا کرنے کو تیار ہیں، فیکٹریاں ٹیوب ویل سے نکالے گئے پانی کا معاوضہ ادا کرنے کو تیار ہیں اور ٹیوب ویلز پر میٹر لگا دئیے جائیں، ضائع شدہ پانی پر معاوضہ ادا نہیں کیا جاسکتا۔چیف جسٹس نے شاہد حامد سے استفسار کیا کہ سیدھی اور اردو میں بات کریں، کیا آپ نے پانی کے پیسے دینے ہیں یا نہیں بتائیں، اس پر وکیل نے کہا کہ ہم پیسے دینے کو تیار ہیں۔جسٹس ثاقب نثار نے مزید کہا کہ ایک ہزار ارب اعتزاز احسن کے موکل سے بھی لوں گا، یہ دونوں رقوم مل جائیں تو دونوں ڈیمز کیلئے کسی اور سے پیسے لینے کی ضرورت نہیں۔ چیف جسٹس نے آج پانی سے متعلق اجلاس طلب کرلیاعدالت نے پانی سے متعلق تمام شراکت داروں کا اجلاس آج شام 5 بجے طلب کرلیا۔چیف جسٹس نے کہا کہ آج شام کو منرل واٹر کمپنیوں سے متعلق میٹنگ ہوگی، کمپنیوں کے اعتراضات، ٹیکس ادائیگیوں اور دیگر معاملات کا جائزہ لیا جائے گا، اجلاس میں چاروں ایڈووکیٹ جنرلز، وفاق،منرل واٹر کمپنیوں کے نمائندے بھی شریک ہوں۔

منرل واٹر کمپنیاں

مزید : صفحہ اول