حکومت گرانے کیلئے عمران خان کے ساتھی اور ان کی کارکردگی ہی کافی ہے : اپوزیشن

حکومت گرانے کیلئے عمران خان کے ساتھی اور ان کی کارکردگی ہی کافی ہے : اپوزیشن

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)اپوزیشن جماعتوں نے وزیر اعظم عمران کے انٹرویوپر شدیدردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت گرانے کیلئے اپوزیشن کو اقدامات کرنے کی ضرورت نہیں،اس مقصد کیلئے عمران خان کی ٹیم اور ان کی کارکردگی ہی حکومت گرانے کیلئے کافی ہے۔مسلم لیگ ن کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا کہ حکومت چلانا عمران خان اور ان کی ٹیم کے بس کی بات نہیں ۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کا یہ کہنا کہ انتخابات قبل ازوقت ہوں گے عوام کیلئے باعث تشویش ہے تاہم قبل از وقت انتخابات کے بیان کے بعد عمران خان کو چاہئے کہ وہ اپنی کْرسی پر نہ بیٹھیں۔این آر او سے متعلق بات کرتے ہوئے مریم اورنگ زیب نے کہا کہ عمران خان نے اپنی نااہلی سے نظر ہٹانے کیلئے این آر او کی بات کی کیونکہ جیل جانے والوں اور 150 سے زیادہ پیشیاں بھگتنے والوں کو این آر او کی ضرورت نہیں۔ترجمان بلاول بھٹو زرداری سینیٹر مصطفی نواز کھوکھر نے کہا کہ مڈٹرم الیکشن سے متعلق عمران خان کے بیان پر تعجب اور مایوسی کا اظہار کیا جا سکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ ملکی معیشت کو غیر یقینی صورتحال کا سامنا ہے اور اگر وزیراعظم اپنی اور ٹیم کی کارکردگی سے غیرمطمئن ہیں تو انہیں سرعام اس کا اظہار نہیں کرنا چاہیے، وزیراعظم کے ایسے بیان سے غیر یقینی کی فضا میں مزید اضافہ ہو گا۔ترجمان عوامی نیشنل پارٹی زاہد خان نے کہاکہ عمران خان سے سوال ہونا چاہئے کہ وہ نیب کے چیئرمین سے کیوں ملے، نیب نے تو صرف شہباز شریف کو پکڑا ہوا ہے جبکہ عمران خان اور ان کے ساتھی نیب زدہ ہیں۔ترجمان اے این پی نے مزید کہاکہ عمران خان احتساب سے متعلق اتنے سنجیدہ ہیں تو خیبرپختونخوا میں احتساب کمیشن کو کیوں بند کیا، عمران خان سے تو احتساب کمیشن کے 1 ارب 16کروڑ روپے وصول کئے جانے چاہئیں۔

مزید : صفحہ اول