ٹرمپ نے عمران خان سے مدد مانگ لی ، طالبان کو مذاکرات کی میز پر لانے کیلئے تعاون کریں ، امریکی صدر کا خط ہم بھرپور تعاون کرینگے : وزیر اعظم

ٹرمپ نے عمران خان سے مدد مانگ لی ، طالبان کو مذاکرات کی میز پر لانے کیلئے ...

اسلام آباد (سٹاف رپورٹر ،این این آئی)وزیراعظم عمران خان کو امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے خط لکھا جس میں پاکستان سے افغان طالبان کو مذاکرات کی میز پر لانے کے لیے تعاون مانگا گیا ہے۔ نجی ٹی وی کے مطابق پیر کو وزیراعظم عمران خان نے ٹی وی اینکرز اور سینئر صحافیوں سے ملاقات کی جس میں مختلف امور پر بات چیت کی گئی۔ اس موقع پر وزیراعظم عمران خان نے انکشاف کیا کہ پیر کی صبح ہی امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا خط آیا ہے جو بہت اچھا ہے ٗٹرمپ نے افغان طالبان کو مذاکرات کی میز پر لانے کیلئے تعاون مانگا ہے، ہم ان کو پورا تعاون دیں گے۔وزیراعظم نے کہا کہ اس حوالے سے پاکستان اور امریکی حکام کے درمیان رابطہ ہے ٗافغانستان کے لیے امریکی حکومت کے خصوصی نمائندے زلمے خلیل زاد بھی پاکستان آرہے ہیں ٗہم افغانستان میں امن لانے کیلئے خلوص کے ساتھ پوری کوشش کریں گے۔وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ ماضی میں امریکا سے معذرت خواہانہ رویہ اختیار کیا گیا، اب ہم نے امریکا کو برابری کی بنیاد پر جواب دیا تو ٹرمپ نے خط لکھا ٗہم پوری کوشش کریں گے کہ افغان مسئلے کا حل نکالنے کے لیے جو کردار ادا کرسکیں وہ کریں۔وزیراعظم کو لکھے گئے خط میں امریکی صدر نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کے کردار کو سراہا ہے۔دوسری جانب دفتر خارجہ نے امریکی صدر کے خط کا متن جاری کیا ہے جس کے مطابق ٹرمپ نے کہا ہے کہ افغان جنگ کا مذاکرات کے ذریعے حل خطے کے لیے اہم ہے، مسئلہ افغانستان کے حل کے لیے پاکستان کی معاونت درکار ہے۔امریکی صدر کا کہنا تھا کہ افغان جنگ سے امریکا اور پاکستان دونوں کو نقصان ہوا، پاکستان اور امریکا مل کر کام کرنے کے مواقع تلاش کریں۔ترجمان دفتر خارجہ نے امریکی صدر کے خط پر رد عمل میں کہاہے کہ پاکستان افغان مسئلے کے سیاسی حل کی حمایت کرتا ہے اور اس کے حل کے لیے کردار ادا کرنے کا عزم رکھتا ہے۔ترجمان کا کہنا تھا کہ افغانستان میں امن و استحکام ہم سب کی مشترکہ ذمے داری ہے۔

مزید : صفحہ اول