حکومت کا چیئر مین پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کیلئے اپوزیشن سے پھر مذاکرات کا فیصلہ ، سپیکر کو ٹاسک تفویض

حکومت کا چیئر مین پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کیلئے اپوزیشن سے پھر مذاکرات کا فیصلہ ، ...

اسلام آباد(سٹاف رپورٹر)چیئرمین پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کی تقرری کیلئے وفاقی حکومت نے ایک بار پھر اپوزیشن سے مذاکرات شروع کرنے کا فیصلہ کرلیا،وزیر اعظم عمران خان نے سپیکر قومی اسمبلی کواپوزیشن سے مذاکرات کا ٹاسک دے دیا، اپوزیشن سے قائمہ کمیٹیوں کے چیئرمینوں کے انتخاب پر بھی بات چیت ہوگی،اپوزیشن کی جانب سے شہباز شریف اور خواجہ آصف کے علاوہ کسی بھی رکن کا نام قابل قبول ہوگا۔ذرائع کے مطابق وزیراعظم عمران خان کے زیر صدارت پارٹی کا مشاورتی اجلاس ہوا جس میں سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر، ڈپٹی سپیکر قاسم سوری، وزیر دفاع پرویز خٹک، وزیر مملکت برائے پارلیمانی امور علی محمد خان،سینیٹ میں قائد ایوان سینیٹر شبلی فراز،قومی اسمبلی میں پی ٹی آئی کے چیف وہیپ عامر ڈوگر اور وزیر اعظم کے معاون خصوصی سیاسی امور نعیم الحق نے شرکت کی۔ذرائع کے مطابق اجلاس میں پارلیمینٹ میں قانون سازی، چیئرمین پی اے سی اور قائمہ کمیٹیوں کی تشکیل سے متعلق مشاورت کی گئی۔سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے وزیر اعظم عمران خان کو چیئرمین پی اے سی کے حوالے سے اپوزیشن کیساتھ ہونے والے مذاکرات سے بھی آگاہ کیا۔ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے پارلیمینٹ کو مزید مضبوط بنانے کا عزم ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ اب پارلیمان کے اجلاسوں میں پہلے سے زیادہ شرکت کروں گا۔

چیئرمین پبلک اکاؤنٹس کمیٹی

مزید : صفحہ اول