توہین عدالت، کین کمشنر پنجاب،ڈی ایس ریلوے،ڈی جی پاپولیشن ،ڈی سی منڈی بہاؤالدین اورپنجاب ٹیکسٹ بک بورڈ کے ایم ڈی کو نوٹس

توہین عدالت، کین کمشنر پنجاب،ڈی ایس ریلوے،ڈی جی پاپولیشن ،ڈی سی منڈی ...

لاہور(نامہ نگار خصوصی)لاہورہائی کورٹ نے توہین عدالت کی مختلف درخواستوں پر کین کمشنر پنجاب واجد علی شاہ ،ڈی ایس پاکستان ریلوے سفیان ڈوگر ،ڈی جی پاپولیشن نورالدین راٹھور ،ڈی سی منڈی بہاؤالدین شوکت علی اورپنجاب ٹیکسٹ بک بورڈ کے ایم ڈی کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کرلیاہے ۔کین کمشنر پنجاب کے خلاف کاشتکار غلام فرید نے درخواست دائر کی ہے ،جس میں کہا گیا ہے کہ عدالتی حکم کے باوجود کین کمشنر پنجاب اس کوپتوکی شوگر ملزسے 37لاکھ روپے گنا کی قیمت کی مد میں ادا نہیں کروا رہے۔ ڈی ایس پاکستان ریلوے سفیان ڈوگر کے خلاف رائے ونڈ کے داؤد خان نے درخواست دائر کی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ عدالتی حکم کے باوجود انہیں نیلامی میں خریدی گئی ریلوے کی دو دکانوں کی تعمیرکی اجازت نہیں دی جارہی۔ڈی جی پاپولیشن نورالدین راٹھور کے خلاف شہری عامر علی نے درخواست دائر کی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ عدالتی حکم اور میرٹ پر آنے کے باوجود درخواست گزار کو فیملی ویلفیئر اسسٹنٹ بھرتی نہیں کیا جارہا،ڈی سی منڈی بہاؤالدین شوکت علی کے خلاف مسرت عباس نے درخواست دائر کی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ درخواست گزار کو 13کنال اراضی پر امام بار گاہ تعمیر کرنے کی اجازت نہیں دی جا رہی جبکہ 25 جنوری 2018 ء کو عدالت نے معاملہ دادرسی کے لئے ڈی سی منڈی بہاؤالدین کو بھجوایا تھا۔پنجاب ٹیکسٹ بک بورڈکے عدالت نے ایم ڈی کے خلاف بورڈ کے سابق سیکرٹری غازی جمیل نے درخواست دائر کی ہے ،درخواست گزار کا موقف ہے کہ انہیں بغیر کسی نوٹس کے نوکری برخاست کر دیا گیا تھا،عدالت کے حکم کے باوجود انہیں بحال نہیں کیا جا رہا۔

نوٹس

مزید : صفحہ آخر