وزارت اطلاعات کا اے پی این ایس کے اعزاز میں عشائیہ

وزارت اطلاعات کا اے پی این ایس کے اعزاز میں عشائیہ

اسلام آباد ( مانیٹر نگ ڈیسک) وفاقی وزیر خزانہ اسد عمر نے آل پاکستان نیوز پیپر ایسوسی ایشن (اے پی این ایس) کے وفد سے ملاقات میں میڈیا کو درپیش مشکلات حل کرنے کی یقین دہانی کرواتے ہوئے کہا ہے کہ اشتہارات کے بقایا جات کی ادائیگی کیلئے چیف جسٹس کیساتھ بھی وعدہ کیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق وزارت اطلاعات نے اے پی این ایس کے اعزاز میں عشائیہ دیا جس میں وزیر اطلاعات فواد چودھری اور وزیر خزانہ اسد عمر شریک ہوئے۔ اے پی این ایس کے وفد میں صدر حمید ہارون، سیکرٹری جنرل سرمد علی،روزنامہ پاکستان کے چیف ایڈیٹر مجیب الرحمن شامی، رمیزہ نظامی، جمیل اطہر، سیکرٹری اطلاعات شفقت جلیل، چیئرمین پی ٹی وی ارشد خان اور پی آئی او میاں جہانگیر و دیگر ممبران شامل تھے۔اے پی این ایس کے وفد نے وفاقی وزراء کو میڈیا کو درپیش مالی مشکلات سے آگاہ کیا اور حکومت کے ذمہ واجب الادا بقایا جات کی ادائیگی پر زور دیا۔ وفاقی وزراء نے اے پی این ایس کے ساتھ مل کر معاملات حل کرنے کی یقین دہانی کرائی۔ انہوں نے مزید کہا کہ انٹرنیشنل مانیٹرنگ فنڈ (آئی ایم ایف) سے مذاکرات بھی جاری ہیں، ماضی میں ڈالر کی قیمت کو روکنے کیلئے مصنوعی طریقے استعمال کئے گئے۔ وزیر خزانہ نے جہانگیر ترین کیساتھ جھگڑے کی خبروں کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے کہا کہ استعفیٰ کی خبریں بھی محض افواہیں ہیں، میڈیا کو غیر مصدقہ خبریں نشر نہیں کرنی چاہئیں۔

عشائیہ

مزید : صفحہ اول