مسافروں کو تحفظ فراہم کرنا اولین ترجیح،آئی جی ریلوے پولیس

مسافروں کو تحفظ فراہم کرنا اولین ترجیح،آئی جی ریلوے پولیس

لاہور( کرائم رپورٹر ) انسپکٹر جنرل پاکستان ریلوے پولیس ڈاکٹر مجیب الرحمن خان نے کہا ہے کہ ریلوے مسافروں کی جان و مال اور ریلوے تنصیبات کو تحفظ فراہم کرنا ریلوے پولیس کی بنیادی ذمہ داری ہے تاہم ریلوے مسافروں کو تحفظ کے ساتھ ساتھ سروس فراہم کرنا ریلوے پولیس کی اولین ترجیح ہونی چاہیے اور اس مشن کو کو عملی جامہ پہنانے کیلئے ریلوے پولیس افسران و جوانوں کو خصوصی تربیت مہیا کی جائے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے سنٹرل پولیس آفس ریلوے لاہور میں منعقدہ ایس پیز ریلوے کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔اجلاس میں میں ڈی آئی جی آپریشنز شارق جمال خان ، ڈی آئی جی ہیڈ کوارٹرز جوا د احمدڈوگر اور دیگر سینئر افسران کے ہمراہ ریلوے پولیس کی تمام ڈویژنوں کے ایس پیز نے شرکت کی ۔

آئی جی ریلوے پولیس نے مزید کہاکہ میرے تمام اقدامات محکمہ کے مفاد کے لئے ہیں اور میری یہ خواہش ہے کہ ہمارے عملی اقدامات سے محکمہ کا وقار بلند ہو۔ مزید آئی جی ریلوے پولیس نے تمام ڈویژنوں کے ایس پیز کو احکامات جاری کئے کہ محکمہ ریلوے میں بلیک مارکیٹنگ اور بغیر ٹکٹ سفر کرنے والوں کے خلاف سخت کاروائی کی جائے اوراگر اس لعنت میں ریلوے پولیس کا کوئی بھی ملازم ملوث پایا گیا تو اس کے خلاف سخت قانونی اکشن لیتے ہوئے نوکری سے برخاست کر دیا جائے گا۔آئی جی ریلوے نے مزید کہا کہ ریلوے پولیس میں کرپشن کرنے والوں کی کوئی جگہ نہیں اور کرپشن کے خلاف زیروٹالرنس کی پالیسی پر عمل کیا جائے اور ریلوے پولیس ملازمین کی ویلفیئرکی طرف بھی خصوصی توجہ دی جائے ۔قبضہ مافیا سے ریلوے اراضی کو واگزار کروانے کے لئے ہر ممکن اقدامات کئے جائیں اور اس سلسلے میں محکمہ ریلوے کے ساتھ مکمل تعاون کیا جائے۔ ڈی آئی جی آپریشنزشارق جمال خان نے آپریشنل معاملات کے سلسلہ میں ایس پیز کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ ٹرینوں میں گشت ڈیوٹی پر ملازمان کو مامور کرنے سے پہلے اچھی طرح بریف کیا جائے اور تفتیشی افسران اپنی تفتیش میرٹ اور مقرر کردہ وقت پر مکمل کریں۔ ڈی آئی جی ہیڈ کوارٹرز جواد احمد ڈوگر نے ہیڈ کوارٹر کے معاملات یونیفارم ، ملازمان کو ٹی اے کی بروقت ادائیگی اور ویلفےئر پر روشنی ڈالی ۔

مزید : علاقائی