مولانا حامد الحق حقانی دفاع پاکستان کونسل کے چیئرمین منتخب

مولانا حامد الحق حقانی دفاع پاکستان کونسل کے چیئرمین منتخب

اسلام آباد( آن لائن )دفاع پاکستان کونسل نے مقتول مولانا سمیع الحق کے صاحبزادے مولانا حامد الحق حقانی کو کونسل کا چیئرمین منتخب کر نے سمیت ناموس رسالت ؐ، تحفظ عقیدہ ختم نبوت ، مقبوضہ وادی میں نہتے کشمیریوں کے قتل عام و بھارتی مظالم کیخلاف اور فرقہ واریت کے خاتمہ کیلئے ملک گیر جدوجہد کا اعلان کر دیا ۔ گزشتہ روزجماعۃالدعوۃ کی میزبانی میں مرکز قباآئی ایٹ میں ہونیوالے اجلاس میں مولانا سمیع الحق کے بہیمانہ قتل کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا گیا ان کے قتل کی کڑیاں دہلی اور کابل سے ملتی ہیں، انکے قاتلوں کو فی الفور گرفتارکیا جا ئے ، اس دوران ان کیلئے دعائے مغفرت بھی کی گئی۔ اجلاس میں امیر جماعۃالدعوۃ پاکستان پروفیسر حافظ سعید،صدرجمعیت علماء اسلام ( س ) مولانا حامد الحق حقانی، لیاقت بلوچ،صاحبزادہ ابو الخیر زبیر، مولانا احمد لدھیانوی، مولانا فضل الرحمن خلیل، پروفیسر حافظ عبد الرحمن مکی، محمد یعقوب شیخ، مولانا عبدالرؤف فاروقی،مولانا محمد یوسف شاہ، عبداللہ حمید گل، حافظ عبدالغفار روپڑی، سید ضیاء اللہ شاہ بخاری، رضیت باللہ، حافظ خالد ولید، سید عبدالوحید شاہ ودیگر نے شرکت کی،اجلاس کے اختتام پرنو منتخب چیئرمین دفاع پاکستان کونسل مولانا حامد الحق حقانی کا کہنا تھا مولانا سمیع الحق پاکستان کو بچانے کیلئے شہید ہوئے حکومت انہیں شہید اسلام و پاکستان کا ایوارڈ دے،اجلاس میں مقتول کے مشن کو تمام سیاسی و مذہبی جماعتوں نے جاری رکھنے کا فیصلہ کیا اور مجھ پر دفاع پاکستان کونسل کی قیادت کا جوبوجھ ڈالا ہے اس پر ہر ممکن پورا اترنے کی کوشش کروں گا۔ ہم مظلوموں کے ساتھ ہیں ،پاکستان کی ترقی اور حفاظت کیلئے بھرپور جدوجہد کریں گے۔

مزید : صفحہ آخر