قانون سازی کا عمل یقینی بنانے کیلئے قائمہ کمیٹیوں کی تشکیل ناگزیر ،اسد قیصر

قانون سازی کا عمل یقینی بنانے کیلئے قائمہ کمیٹیوں کی تشکیل ناگزیر ،اسد قیصر

اسلام آباد(آئی این پی ) اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا ہے کہ قانون سازی کے عمل کو یقینی بنانے کے لیے قائمہ کمیٹیوں کو تشکیل دینا ناگزیر ہے،اس مقصد کے لیے اپوزیشن جماعتوں سمیت حکومت کے ساتھ متعدد راؤنڈہو چکے ، مجھے اُمید ہے کہ رواں ماہ کے دوران منعقد ہونے والے قومی اسمبلی کے اجلاس میں قائمہ کمیٹیوں کی تشکیل کو عملی جامہ پہنادیا جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار اُنہوں نے ایک اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا جس میں وفاقی وزیر دفاع پرویز خٹک ، وفاقی وزیرمملکت پارلیمانی امور علی محمد خان، ڈپٹی اسپیکر قاسم خان سوری ، چیف وہپ ملک محمد عامر ڈوگر اور شبلی فرازقائدایوان سینٹ نے شرکت کی ۔ اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ عوام کو ریلیف دینے کے لیے حکومت اور اپوزیشن کو ایک پیج پر آنا ہو گا اور میں اس بات کا یقین دلاتا ہوں کہ ایوان کی کاروائی کے دوران حکومت اور اپوزیشن کو ان کے مینڈیٹ کے مطابق موقع دیا جائے گا۔ اجلاس میں رواں ماہ میں قومی اسمبلی کے ہونے والے اجلاس کے بارے میں تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر قانون سازی اور ایوان میں ماحول کو خوشگورارکھنے کے لیے لائحہ عمل طے کرنے کے لیے بھی تفصیلی بات چیت کی گئی۔

اسد قیصر

مزید : صفحہ آخر