ڈاکٹر طاہر القادری کی تالیف ’’قرآنی امسائیکلوپیڈیا ‘‘محققین کیلئے نسخہ کیمیا ہے

ڈاکٹر طاہر القادری کی تالیف ’’قرآنی امسائیکلوپیڈیا ‘‘محققین کیلئے نسخہ ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور(نمائندہ خصوصی) قائد تحریک منہاج القرآن شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کے تالیف کردہ قرآنی انسا ئیکلو پیڈیا کی تقریب رونمائی سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ قرآن پاک اللہ کا کلام ہے اور اس میں ا نسانیت کو درپیش جملہ مسائل کا حل ہے۔ڈاکٹر طاہر القادری کی تالیف جامع قرآنی انسا ئیکلو پیڈیا قرآن فہمی اور اسلامی علوم پر تحقیق کرنیوالے محققین کیلئے نسخہ کیمیاہے،اس کے مطالعہ سے ہر طبقہ فکر کے افراد کو رہنمائی ملے گی۔تقریب کی صدارت شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری نے کی،گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور مہمان خصوصی تھے جبکہ خطاب کرنیوالے دیگر مقررین میں سردار عتیق الرحمن،ڈاکٹر محمد اجمل قادری،بشریٰ رحمن،صوبائی وزیرسیدسعید الحسن شاہ،خواجہ غلام قطب الدین فریدی،ڈاکٹر فرید پراچہ،ڈاکٹر فاروق ستار،جنرل(ر) اعجاز اعوان،ڈاکٹر صغریٰ صدف،صوفیہ بیدار، اوریامقبول جان،قیوم نظامی،ڈاکٹر طاہر حمید تنولی،سید صمصام شاہ بخاری،مولانا سید عبد الخبیر آزاد ،خالد پرویز شامل تھے۔ناظم اعلیٰ تحریک منہاج القرآن خرم نواز گنڈاپور نے استقبالی کلمات ادا کیے اور معروف شاعر سید سلیمان گیلانی نے منظوم اظہار عقیدت پیش کیا، ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ قرآن کا علم مفصل ہے، جسے سمجھ نہ آئے اس کااپنا ذہن ناقص ہے، قرآنی انسائیکلو پیڈیا 5ہزار موضوعات اور 8جلدوں پرمشتمل ہے۔اس علمی،تحقیقی ،دینی کاوش کی تکمیل پر میں اللہ تعالیٰ کا شکر گزار ہوں اور تقریب رونمائی میں شرکت کرنیوالے علمائے کرام،مشائخ عظام،سنیئر صحافیوں،سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں،وکلاء،سماجی،صحافتی تنظیموں کے عہدیداروں کا شکر گزار ہوں۔قرآنی انسائیکلوپیڈیا کی تقریب رونمائی ایوان اقبال لاہور میں منعقد ہوئی۔گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے جامع قرآنی انسائیکلو پیڈیا کی تالیف پر ڈاکٹر طاہر القادری کو مبارکباد دی ۔انہوں نے کہا کہ یہ دین اسلام،عالم اسلام اور انسانیت کی قابل قدر خدمت ہے،میرا یقین ہے اس قرآنی انسائیکلو پیڈیا کے مطالعہ سے اللہ کے کلام کو سمجھنے میںآسانی ہوگی، دین اسلام امن ، اعتدال ، رواداری ، برداشت اور محبت کا دین ہے۔ قرآن پاک پڑھنے والا شخص انتہا پسند نہیں ہو سکتا اور نہ ہی کسی کے جان و مال سے کھیل سکتا ہے۔آزاد کشمیر کے سابق وزیراعظم سردار عتیق احمد خان نے قرآنی انسائیکلوپیڈیا کی تالیف پر ڈاکٹر طاہرالقادری کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ یہ انسائیکلوپیڈیا ہر گھر میں ہونا چاہیے، اس کے مطالعہ سے انسان یہ بات جان سکتا ہے کہ اللہ تعالیٰ اپنے بندوں سے کس بات کا تقاضا کررہا ہے۔صوبائی وزیر مذہبی امور سعید الحسن شاہ نے عربی زبان میں خطاب کیا اور نعتیہ اشعار پیش کیے۔ جنرل (ر) اعجاز اعوان نے بھی جامع قرآنی انسائیکلوپیڈیا تالیف کرنے پر ڈاکٹرطاہرالقادری کو مبارکباد دی اور کہا کہ یہ انسائیکلوپیڈیا بہت بڑی اسلامی اور انسانی خدمت ہے۔ جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ ڈاکٹر محمد اجمل قادری نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹر طاہرالقادری نے قرآن و حدیث کے علوم کو عام کیا اور ان کی یہ علمی، تحقیقی کاوش عالم اسلام کا سرمایہ ہے۔ جماعت اسلامی کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل ڈاکٹر فرید پراچہ نے اپنے خطاب میں ڈاکٹر طاہرالقادری کی علمی، تحقیقی خدمات پر انہیں خراج تحسین پیش کیا۔خواجہ غلام قطب الدین فریدی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اسلامیان پاکستان اور عالم اسلام کو اس کی ضرورت تھی، انہوں نے قرآن پاک کو آسان بنایا ہے،ایم کیو ایم کے سینئر رہنما ڈاکٹر فاروق ستار نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹر طاہرالقادری کا تالیف کردہ قرآنی انسائیکلوپیڈیا امت کو ایک کرنے کا کوریڈور ہے، اوریا مقبول جان نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اللہ نے جو کہا اسے سمجھنے کیلئے ڈاکٹر طاہرالقادری کے قرآنی انسائیکلوپیڈیا کا مطالعہ کیا جائے۔بادشاہی مسجد کے خطیب مولانا سید عبدالخبیر آزاد نے کہا کہ قرآنی انسائیکلوپیڈیا سے پوری امت مسلمہ کی علمی ضرورت کو پورا کیا گیا۔ سینئر صحافی قیوم نظامی نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ قائداعظم نے کہا تھا کام ،کام اور بس کام، اور ڈاکٹر طاہرالقادری اس کی عملی تصویر ہیں۔ سجادہ نشین کوٹ مٹھن شریف خواجہ معین الدین محبوب کوریجہ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹر طاہرالقادری جیسی شخصیات صدیوں میں پیدا ہوتی ہیں ۔ معروف کالم نویس، ادیبہ، شاعرہ بشریٰ رحمن نے کہا کہ ڈاکٹر طاہرالقادری کی تحریریں ذہنوں کے بند دریچوں کو کھولتی ہیں اور اللہ اور اس کے رسولؐسے جوڑتی ہیں۔تحریک انصاف کے سینئر رہنما سید صمصام شاہ بخاری نے بھی ڈاکٹر طاہرالقادری کی علمی، تحقیقی خدمات کو سراہا۔ منہاج القرآن انٹرنیشنل ویمن لیگ کی صدر ڈاکٹر غزالہ حسن قادری نے ڈاکٹر طاہرالقادری کے تالیف کردہ قرآنی انسائیکلوپیڈیا کو ایک بیش قدر علمی، تحقیقی کاوش قرار دیا۔ تقریب میں چیئرمین سپریم کونسل ڈاکٹر حسن محی الدین قادری،صدر منہاج القرآن ڈاکٹر حسین محی الدین قادری،بریگیڈیئر(ر) اقبال احمد، سابق وزیراعلیٰ پنجاب میاں افضل حیات، رکن صوبائی اسمبلی خدیجہ عمر فاروقی، بیرسٹر عامر حسن، علامہ سید احمد اقبال رضوی، مفتی عبدالقوی نے شرکت کی۔ خواجہ دیوان احمد مسعود چشتی نے اختتامی دعا کروائی۔
طاہرالقادری تقریب

مزید :

صفحہ آخر -