35سال تک خدمت کرنیوالے غیرملکی کو ریٹائرمنٹ پر سعودی کفیل نے مالا مال کر دیا

35سال تک خدمت کرنیوالے غیرملکی کو ریٹائرمنٹ پر سعودی کفیل نے مالا مال کر دیا

جدہ(مانیٹرنگ ڈیسک) ایک بھارتی شہری 35سال قبل سعودی عرب گیا اور ایک سعودی خاندان کے ہاں ملازم ہوا۔ اتنے عرصے بعد گزشتہ دنوں وہ ریٹائرڈ ہوا تو سعودی خاندان نے اس کی خدمت سے خوش ہو کر اسے ایسا تحفہ دے دیا کہ سن کر ہر کوئی عش عش کراٹھے۔ سعودی گزٹ کے مطابق اس بھارتی شہری کا نام میدو شیریان تھا جو عود خودیر الریملی الشیمری نامی سعودی شہری کے ہاں ملازمت کرتا رہا۔ وہ ان کے زرعی فارم پر بھی کام کرتا رہا اور ایک شاہراہ پر واقع ان کے ریسٹورنٹ میں بطور ویٹر بھی فرائض سرانجام دیتا رہا۔35سال بعد جب وہ ریٹائرڈ ہوا تو پورے خاندان نے اکٹھے ہو کر اسے الوداعی پارٹی دی اور خطیر رقم بھی تحفے میں دی۔ یہی نہیں بلکہ عود خودیر الریملی نے عمر بھر کے لیے میدو شیریان کو پنشن کے طور پر ماہانہ رقم دینے کا بھی اعلان کیا۔ العربیہ سے گفتگو کرتے ہوئے عود خودیر کا کہنا تھا کہ ’’میدو شیریان نے ان تمام سالوں میں ایمانداری اور وفاداری کی شاندار مثال قائم کی۔ وہ سعودی عرب کی اخلاقیات پر پورا اترا، حالانکہ وہ سعودی شہری نہیں تھا۔ اب اسے آرام کی ضرورت ہے کیونکہ اب اس کی طبیعت اکثر ناساز رہتی ہے چنانچہ ایسے میں اسے بھارت میں اپنے خاندان کے پاس ہونا چاہیے۔‘‘

مزید : صفحہ آخر