تجاوزات آپریشن، تحریک انصاف نے سندھ اسمبلی میں قرارداد جمع کرادی

تجاوزات آپریشن، تحریک انصاف نے سندھ اسمبلی میں قرارداد جمع کرادی

کراچی (اسٹاف رپورٹر)تجاوزات کے خلاف آپریشن کے دوران کاروباری افراد کے نقصانات اور تحفظات پر تحریک انصاف نے سندھ اسمبلی میں قرارداد جمع کرادی قرارداد میں مطالبہ کیا گیا ہے چائنا کٹنگ کے زمہ داروں کے خلاف جے آئی ٹی تشکیل دی جائے،سپریم کورٹ کے احکامات کی آڑ میں کاروباری حضرات کو نقصان پہنچایا جارہا ہے،عدالت کے ناظر کے ذریعہ آپریشن کی مانٹیرنگ کی جائے۔سندھ اسمبلی میں اپوزیشن لیڈرفردوس شمیم نقوی اورتحریک انصاف کے رکن سندھ اسمبلی خرم شیرزمان نے قرارداد سندھ اسمبلی سیکریٹریٹ میں جمع کرائی ۔ اس موقع پربات چیت کرتے ہوئے خرم شیرزمان نے کہاکہ تجاوزات کے خلاف آ پریشن کی آڑمیں کراچی میں لسانی نفرت پھلانے کی سازش کی گئی ہے،ایم کیو ایم کو ووٹ نہ دینے والے علاقوں کو کھنڈر بنایا جارہا ہے ایم کیوایم لوگوں سے بدلہ لے رہی ہے اورلینڈ مافیا کا سربراہ آپریشن کی نگرانی کررہا ہے۔ انہوں نے کہاکہ کراچی میں چائنا کٹنگ کے جو ذمہ دارہیں ان کے خلاف تحقیقات کے لیے جے آئی ٹی تشکیل دی جائے انہوں نے کہاکہ آج تمام جماعتیں تجاوزات کے خلاف ہمارے موقف کی حمایت کررہے ہیں چیف جسٹس کے حکم کی آڑ میں لوگوں کو نقصان پہنچایا جارہا ہے،جن لوگوں کو نقصان پہنچایا گیا ان کا ازالہ کیا جائے چیف جسٹس زرا دیکھ لیں شہر کو کتنا نقصان پہنچایا گیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ پارکس کھیل کے میدانوں اور رفاہی پلاٹوں سے چائنا کٹنگ ختم کی جائے،کراچی والوں سے سیاسی انتقام لیا جارہا ہے،ووٹ نہ دینے پر کراچی والوں کا معاشی قتل عام کیا جا رہا ہے،کراچی کے بگاڑ کی ذمہ دار 30 سالہ متحدہ قیادت ہے نالوں پر قبضہ جعلی لیز اور چائنا کٹنگ متحدہ نے متعارف کرائی ہے۔ سندھ اسمبلی میں اپوزیشن لیڈرفردوس شمیم نقوی کا کہنا تھا کہ جس طریقے سے تجاوزت ہٹائی گئی ہیں ان پر تحفظات ہیں لوگوں کو پہلے موقع دیا جاتا ہے کہ وہ تجاوزات ہٹا دیں،کراچی سرکلر ریلوے نے بے چینی پیدا کی ہوئی ہیہم غریبی مٹانے نکلے ہیں غریب مٹانے کیلئے نہیں ،کراچی سرکلر ریلوے بنانا اشد ضروری ہے،تجاوزات قائم کرانے میں معاونت کرنے والے کے ایم سی کے افسران کو سزا ہونی چاہیئے،میئر کراچی اپنے محکموں کے لوگوں کی نشاندہی کریں جو تجازوات قائم کرانے میں ملوث ہیں۔ انہوں نے کہاکہ ہم انکروچمنٹ کے سخت خلاف ہیں،باربی کیو ٹونائٹ سے سامنے سڑک کو کھولا جائے،سڑکیں چوڑی کرنا ضروری ہے ٹریفک جام سے لاکھوں کا پٹرول ضائع ہوتا ہے۔ انہوں نے کہاکہ وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد کراچی سرکلر ریلوے پرجلد پالیسی بیان دینگے۔

مزید : کراچی صفحہ اول