ہر متاثرہ دکاندار کو مناسب جگہ پر دکان ملے گی ،میئر کراچی

ہر متاثرہ دکاندار کو مناسب جگہ پر دکان ملے گی ،میئر کراچی

کراچی (اسٹاف رپورٹر)میئر کراچی وسیم اختر نے کہا ہے کہ کراچی میں انسداد تجاوزات سے متاثرہ تاجروں کی بحالی کے لئے وزیراعلیٰ سندھ کی دلچسپی کا شکریہ ، انہوں نے ایک اعلیٰ سطحی کمیٹی قائم کی جس کا آج اجلاس ہوا جس میں فیصلہ کیا گیا کہ ہر متاثرہ دکاندار کو مناسب جگہ پر دکان ملے گی بلکہ اس سے آگے کا غور کیا گیا کہ ایسے تجارتی زون قائم کئے جائیں جہاں ہاکروں کو بھی جگہ دی جائے تاہم گھروں کو نہیں توڑنے دیا جائے گا، ان خیالات کا اظہار انہوں نے آرام باغ میں منعقدہ ایک روزہ آل سندھ تاجر اتحاد کنوینشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا، انہوں نے کہا کہ مذہبی و سیاسی جماعتیں اس سارے عمل کو سیاسی رنگ دینا چاہتی ہیں جو غلط ہے، یہ خالصتاً سپریم کورٹ کی ہدایت پر فٹ پاتھوں، پارکوں، فلاحی پلاٹوں اور نالوں پر قائم تعمیرات کو ہٹانے کی کارروائی ہے، حکومت سندھ اور کے ایم سی کسی ایک فرد کے ساتھ بھی زیادتی نہیں ہونے دے گی، کراچی جیسے شہر میں فٹ پاتھوں پر تجارتی سرگرمیاں اچھی نہیں لگتیں تاجروں کو خود سوچنا چاہئے کہ تجارتی علاقوں میں تجاوزات کی بھرمار نہ ہو،جہاں بھی ناانصافی کی شکایت آئے گی وہاں سخت کارروائی کی جائے گی یہ کارروائی بلاامتیاز ہے، انہوں نے کہا کہ جس جس کی بھی دکان ٹوٹی ہے اس کو کاروبار کے لئے متبادل دکان ضرور ملے گی، انہوں نے کہا کہ جن جن لوگوں نے نالوں، پارکوں اور فٹ پاتھوں پر تعمیرات کی ہوئی ہیں وہ خود ہٹالیں اب ان جگہوں پر کاروبار کی اجازت نہیں ہوگی تاہم کسی کے بھی گھر کو نہیں توڑا جائے گا البتہ جو گھر فٹ پاتھوں اور سڑکوں تک آگے نکالے ہوئے ہوں وہ خود اپنی حدود میں چلے جائیں، میئر کراچی نے کہا کہ حکومتی سطح پر یہ فیصلہ ہوگیا ہے کہ جس کی دکان ٹوٹی ہے اس سے بہتر جگہ پر متبادل دی جائے گی، حکومت سندھ اور وزیر اعلیٰ و وزیر بلدیات کا مکمل تعاون ہمارے ساتھ ہے، تاجروں کو فکر کرنے کی ضرورت نہیں ہم یہ سمجھتے ہیں کہ اس میں تاخیر ہو رہی ہے مگر اس تاخیر میں بھی تاجروں کے لئے بہتری ہوگی کیونکہ جس جگہ پر ان کو آباد کیا جائے گا آئندہ وہاں سے کوئی ان کو بے دخل نہیں کرے گا، اس موقع پر تاجروں نے حکومت سندھ اور میئر کراچی کے حق میں نعرے لگائے اور شکریہ ادا کیا۔

مزید : کراچی صفحہ اول