پنوعاقل،فائرنگ سے مسلم لیگ فنکشنل کا مقامی رہنما ڈرائیور سمیت قتل
پنوعاقل(خصوصی نامہ نگار)پنوعاقل میں کار پر فائرنگ کے نتیجے میں مسلم لیگ فنکشنل کے مقامی رہنما کو ڈرائیور سمیت قتل کر دیا گیا ہے،جاں بحق ہونے والے دونوں افراد کیس کی حاضری کے لیے سیشن کورٹ جارہے تھے، پولیس نے واقعہ کا مقدمہ ورثا کی مدعیت میں درج کرکے تفتیش کا آغاز کردیاہے۔تفصیلات کے مطابق سکھر کی تحصیل پنوعاقل کے علاقے جلال گوٹھ کے قریب کینٹ تھانے کی حدودمیں لنک روڈ پر 3مسلح افراد نے کار پر فائرنگ کردی ، جس کے نتیجے میں کار میں سوار مسلم لیگ( ف) کے مقامی رہنما مٹھل منگریو اور ان کے ڈرائیور اصغر بھاروموقع پرہی جاں بحق ہوگئے۔ واقعہ کے بعد ملزمان باآسانی سے فرار ہوگئے۔پولیس کے مطابق کار سوار دونوں افراد سلطان پور سے کیس کی حاضری کے لیے سیشن کورٹ جارہے تھے۔ کینٹ پولیس نے لاشوں کو تحویل میں لیکرضابطے کی کارروائی کے لیے تعلقہ اسپتال پنوعاقل منتقل کیاگیابعدازاں لاشیں ورثاء کے حوالے کردی گئیں۔پولیس نے مزید بتایا کہ واقعہ کا مقدمہ ورثا کی مدعیت میں درج کرکے مزید تفتیش کی جارہی ہے۔ دوسری جانب مسلم لیگ ف کے رہنما مٹھل منگریو کے قتل کے بعد کارکناں کی بڑی تعداد سلطانپور پہنچ گئی۔