ملکی مسائل کے حل کیلئے طویل المیعاد منصوبہ بندی کی جائے،سراج الحق

ملکی مسائل کے حل کیلئے طویل المیعاد منصوبہ بندی کی جائے،سراج الحق

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور (این این آئی) امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہاہے کہ پاکستانی حکمرانوں کی تمام تر کوششوں کا مقصد اپنی حکومتوں کا استحکام ہوتاہے ، عام آدمی کی خوشحالی اور استحکام نہیں ، ملک کو مشکلات سے نکالنے کے لیے طویل المعیاد منصوبہ بندی کی ضرورت ہے ، ملکی ترقی کے لیے ہر باصلاحیت فرد کی صلاحیتوں کو بروئے کار لانا ہوگا ۔ پاکستان میں وسائل کی کمی نہیں ، منصوبہ بندی اور وژن کا فقدان ہے جس کی وجہ سے پوری قوم مسائل کی دلدل میں پھنس چکی ہے ۔ دلفریب نعروں اور دعوؤں کے ساتھ کچھ دنوں کے لیے تو لوگوں کو بہلایا جاسکتاہے ، زیادہ دیر تک نہیں ۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے منصورہ میں ہونے والے مرکزی منصوبہ عمل کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ اجلاس سے صدر منصوبہ عمل کمیٹی و نائب امیر راشد نسیم نے بھی خطاب کیا جبکہ اجلاس میں سیکرٹری کمیٹی اظہر اقبال حسن و دیگر ممبران نے شرکت کی ۔ سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ پاکستان ایک نظریاتی ملک ہے اس کی ترقی و خوشحالی کا راز اس نظریے پر عمل کرنے میں ہے جس کی بنیاد پر یہ حاصل کیا گیاتھا ۔ پاکستان کو اس کے نظریے سے محروم کرنے سے ملک دو لخت ہوا اور اللہ کے عطا کردہ بے پناہ وسائل کے باوجود مشکلات اور محرومیوں کا شکار ہے ۔ انہوں نے کہاکہ انتخابات میں افراد تبدیل ہوتے ہیں مگر پالیسیاں وہی رہتی ہیں ۔ ترقی و خوشحالی کے لیے ضروری ہے کہ ایک لانگ ٹرم منصوبہ بندی کی جائے اور پھر حکومتوں کی تبدیلی کے باوجوداس منصوبے کو تبدیل نہ کیا جائے بلکہ ہر حکومت پوری دلجمعی اور اخلاص سے اس منصوبے پر عمل کرے تاکہ ملک و قوم کو دیرینہ مسائل سے نجات مل سکے ۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے صدر منصوبہ عمل کمیٹی راشد نسیم نے کہاکہ جماعت اسلامی باقاعدگی کے ساتھ اپنا سالانہ اور پانچ سالہ منصوبہ عمل بناتی ہے اور پھر مختلف اعلیٰ سطحی اجلاسوں میں اس پر عمل درآمد کا جائزہ لیا جاتاہے ۔ انہوں نے کہاکہ جماعت اسلامی نے 2028 ء تک ایک طویل المعیاد منصوبہ تشکیل دیا ہے جس میں عام آدمی کی مشکلات اور پریشانیوں کا ٹھوس حل موجود ہے ۔
سراج الحق