پاک فضائیہ کے زیر اہتمام خصوصی افراد کے عا لمی دن پر تقریب

پاک فضائیہ کے زیر اہتمام خصوصی افراد کے عا لمی دن پر تقریب

کراچی (اسٹاف رپورٹر)پوری دنیامیں پیرکو خصوصی افراد کا عالمی دن منایا گیا۔ اسی موقع کی مناسبت سے پاک فضائیہ نے نورخان آڈیٹوریم ، ائیر ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد میں ایک پر وقار تقریب کا انعقاد کیا۔ پاک فضائیہ کے سربراہ ائیر چیف مارشل مجاہد انور خان اس تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔ائیر وائس مارشل عامر مسعود ، ڈپٹی چیف آف دی ائیر سٹاف (سپورٹ) نے خطبہ استقبالیہ میں معاشرے کو خصوصی افراد کیلئے سازگار بنانے کیلئے اپنی ذمہ داریوں پر روشنی ڈالی ۔ خصوصی بچوں کے والدین سے گفتگو کرتے ہوئے ائیر چیف نے پاک فضائیہ کو خصوصی افراد کے لئے ایک مشفق ادارہ بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہم سب یہاں خصوصی افرادکے بارے میں آگاہی کے لئے اکٹھے ہوئے ہیں اور پاک فضائیہ ان افراد کو معاشرے کا کارآمد فرد بنانے کے لئے اپنی کاوشیں جاری رکھے گی۔اس تقریب میں پی اے ایف اسپیشل اسکول اسلام آباد کے بچوں نے قومی ترانہ پڑھا اور اسٹیج پر مختلف خاکے پیش کئے۔ پی اے ایف ہسپتال کے سینئر سائیکاٹرسٹ ونگ کمانڈر نجم نے اسپیشل بچوں کے ساتھ برتا کے بارے میں گفتگو کی۔ اس دوران شرکا کے ساتھ تبادلہ خیال میں ان بچوں کے والدین نے اپنے تجربات پرروشنی ڈالی۔1992 سے اقوام متحدہ 3دسمبر کو سالانہ خصوصی افراد کے عالمی دن کے طور پر مناتی ہے۔ اس سال اس دن کا موضوع خصوصی افراد کو مکمل اختیارات دینا اور انہیں برابری کے مواقع فراہم کرنے کو یقینی بنانا ہے۔ پاک فضائیہ نے ان بچوں کو برابری کے موقع فراہم کرنے کے لئے پاکستان کے مختلف شہروں میں تیرہ اسپیشل اسکول قائم کئے ہیں جہاں نہ صرف ان بچوں کو جدید سمعی وبصری آلات کے ذریعے تعلیم دی جاتی ہے بلکہ ان کے والدین کو بھی بہترین رہنمائی فراہم کی جاتی ہے۔

مزید : راولپنڈی صفحہ آخر