آئندہ 100 روز میں بھی انقلابی اقدامات کریں گے، نصرت واحد

آئندہ 100 روز میں بھی انقلابی اقدامات کریں گے، نصرت واحد

کراچی (اسٹاف رپورٹر)پاکستان تحریک انصاف کی رکن قومی اسمبلی نصرت واحد نے کہا ہے کہ آئندہ 100 روز میں بھی استحصالی نظام کی تبدیلی عوامی فلاح و بہبود کیلئے انقلابی اقدامات کریں گے۔ حکومت کے ابتدائی 100 روز کی کارکردگی متاثر کن ہے۔ سکھوں کی گردوارہ دیوجی آمد کیلئے کرتاپور کوریڈور کا سنگِ بنیاد تاریخی اقدام ہے۔ سکھ برادری کو واہگہ بارڈر کے ذریعے کرتا پور جانے کیلئے 160 کلومیٹر کا طویل سفر طے کرنا پڑتا تھا۔ کرتاپور کوریڈور کھلنے سے یہ سفر صرف 6 سے 7 کلومیٹر ہوجائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت نے اپنے ابتدائی 100 دنوں میں معیشت کی بہتری کیلئے سعودی عرب، یو اے ای اور چین سے اقتصادی معاہدے کیے ہیں جن کے مثبت اثرات جلد عوام تک پہنچنا شروع ہوجائیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ امپورٹ میں اعتدال اور ایکسپورٹ میں اضافہ حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔ ملکی و غیر ملکی سرمایہ کاروں کے اعتماد کی بحالی کیلئے ہرممکن سہولتیں فراہم کی جائیں گی۔ نصرت واحد نے مزید کہا کہ صحت و تعلیم کے شعبے حکومت کی ترجیحات میں شامل ہیں۔ جلد ہی ہیلتھ کارڈ بھی فراہم کیے جائیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ خارجہ امور، ریلوے، زراعت سمیت تمام وزارتوں کی کارکردگی ہدف کے مطابق ہے۔ جس کو مزید بہتر بنایا جائے گا۔ کرپشن کے خاتمے اور منی لانڈرنگ منظر عام پر لانے کیلئے سوئٹزر لینڈ سمیت مختلف ممالک سے معاہدے احسن اقدام ہے۔

مزید : راولپنڈی صفحہ آخر