سی پی ایس ڈی کے تحت انرجی سیکورٹی پالیسی سے متعلق سیمینار

سی پی ایس ڈی کے تحت انرجی سیکورٹی پالیسی سے متعلق سیمینار

کراچی(اسٹاف رپورٹر)سینٹر فار پیس،سیکورٹی اینڈ ڈیولپمنٹل اسٹڈیز(سی پی ایس ڈی) کے زیر اہتمام گزشتہ روز کراچی کے مقامی ہوٹل میں’’انرجی سیکورٹی پالیسی‘‘Thinking Beyond the Norm148کے موضوع پر قومی سیمینار کا انعقاد کیا گیا ۔سابق گورنر اسٹیٹ بینک اور وفاقی وزیر ڈاکٹر شمشاد اختر اور چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل زبیر محمود حیات (نشان امتیاز،ملٹری)نے مہمان خصوصی کی حیثیت سے سیمینار کا افتتاح کیا ۔ سیمینار میں توانائی کے شعبے سے متعلق ماہرین اور اعلیٰ حکومتی عہدیداران نے موضوع کے مختلف پہلوؤں پر اظہار خیال کیا ۔سیمینار کا آغاز سی پی ایس ڈی کے صدر لیفٹیننٹ جنرل آغا محمد عمر فاروق،ریٹائرڈ(ہلال امتیاز،ملٹری)کے خطبہ استقبالیہ سے ہوا جس میں انہوں نے سیمینار کے شرکاء کو خوش آمدیدکہتے ہوئے موضوع کی اہمیت پر روشنی ڈالی ،انہوں نے انرجی پروڈیورسز کی ترجیحات اور صارفین کی عادت میں تبدیلی پر زور دیتے ہوئے کہاکہ ہمیں توانائی کی بچت،کارکردگی میں اضافے اور مقامی وسائل پر مشتمل فیول مکس کی جانب توجہ دینا ہوگی ،اس موقع پر نامور جوہری سائنسدان ڈاکٹر ثمر مبارک مندنے اپنی کلیدی تقریر کے دوران ملک میں توانائی کی سیکورٹی کے امکانات سے متعلق اپنے خیالات کا اظہار کیا ۔سیمینار تین مختلف ورکنگ سیشنز پر مشتمل تھا جہاں پانی و بجلی،تیل و گیس اور قابل تجدید و متبادل توانائی کے شعبوں پر اظہار خیال کیا گیا،اینگرو کارپوریشن کے سی ای او غیاث خان،اوگرا کی چیئر پرسن عظمیٰ عادل خان اور اے ای ڈی بی کے چیئرمین ڈاکٹر امجد اعوان نے بالترتیب پہلے ،دوسرے اور تیسرے سیشنز کی سربراہی کی ،سیمینار کے دوران چیئرمین واپڈالیفٹیننٹ جنرل مزمل حسین(ر)،پی آرل ایل کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے چیئرمین اسد علی شاہ اورجنرل الیکٹرک کے سی ای او صارم شیخ نے اپنے اپنے کلیدی خطابات کے دوران پاکستان میں توانائی کے شعبے میں موجود مواقعوں اور چیلنجز سے متعلق شرکاء کو آگاہ کیا جبکہ سابق صوبائی وزیر سید شبر زیدی،او سی اے سی کے سی ای او سید زوار حیدر اور پاکستان اٹاملک انرجی کمیشن کے چیئرمین محمد نعیم نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا ۔سیمینار کے اختتامی سیشن سے خطاب کرتے ہوئے سابق وفاقی وزیر پٹرولیم و قدرتی وسائل سہیل وجاہت نے پاکستان کی توانائی کی ضروریات پوری کرنے کے حوالے سے طویل مدتی مستحکم پالیسی کیلئے ایک مربوط انرجی اتھارٹی کے قیام اور ملک کے خوشحال مستقبل کیلئے ہیومین ریسورسز کی ڈیولپمنٹ کی اہمیت پر بھی زور دیا ،سیمینار کے آخر میں سی پی ایس ڈی کے چیئرمین عبدللہ دادا بھائی نے سیمینار کے مقررین کے خطابات اور پریزینٹیشن کی تعریف کی اور ملک میں توانائی کے شعبے سے متعلق تجاویز فراہم کرنے پر ان کا شکریہ ادا کیا،چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل زبیر محمود حیات نے اپنے اختتامی کلمات میں پاکستا ن میں توانائی کے شعبے سے متعلق اہم سیمینار منعقد کرنے پر پی ایس ڈی پی کی کاوشوں کو سراہا ،اس سیمینار میں توانائی کے شعبے ،بزنس کمیونٹی ،سفارتکاروں ،اعلیٰ حکومتی شخصیات اور ریسرچرز سمیت طلباء کی ایک بڑی تعداد بھی شریک تھی ۔

مزید : راولپنڈی صفحہ آخر