پشاور: نامعلوم حملہ آوروں کی فائرنگ سے صحافی جاں بحق

پشاور: نامعلوم حملہ آوروں کی فائرنگ سے صحافی جاں بحق
پشاور: نامعلوم حملہ آوروں کی فائرنگ سے صحافی جاں بحق

  

پشاور(ڈیلی پاکستان آن لائن)پشاور میں موٹرسائیکل سوار حملہ آوروں کی فائرنگ سے نجی ٹی وی کے رپورٹر نورالحسن جاں بحق اور ڈرائیور زخمی ہوگیا۔خیبر یونین آف جرنلسٹس نے واقعے کے خلاف احتجاج کا اعلان کیا ہے۔

نوشہرہ سے تعلق رکھنے والے نجی ٹی وی چینل کے رپورٹر نور الحسن گاڑی میں پیشہ ورانہ فرائض کی انجام دہی کیلئے جا رہے تھے کہ رِنگ روڈ پر نامعلوم موٹر سائیکل سوار حملہ آوروں نے ان کی گاڑی پر فائرنگ کر دی جس سے وہ موقع پر جاں بحق ہوگئے جبکہ ڈرائیور زخمی ہوا۔

آئی جی پولیس صلاح الدین محسود نے واقعے کا نوٹس لے لیا ہے۔ سی سی پی او قاضی جمیل الرحمان نے جائے وقوع کا دورہ کیا اور مقتول صحافی کی گاڑی کا معائنہ کیا۔میڈیا سے گفتگو میں ان کا کہنا تھا کہ حملہ آوروں نے نائن ایم ایم پستول سے فائرنگ کی، مزید تحقیقات کررہے ہیں۔

خیبر یونین آف جرنلسٹس نے صحافی نورالحسن کے قتل کی شدید مذمت کی ہے اور آج احتجاج کا اعلان کیا ہے۔مقتول صحافی کے بھائی محمود خان نے کہا کہ ان کی کسی کے ساتھ ذاتی دشمنی نہیں، صحافیوں کے چھپے دشمن بھی ہوتے ہیں۔

مزید : اہم خبریں /علاقائی /خیبرپختون خواہ /پشاور