ملک کی سب سے بڑی عدالت کی نگرانی میں الیکشن ہو رہے ہیں،انٹرنیشنل فٹبال ایسوسی ایشن کیسے الیکشن نہیں مانے گی؟چیف جسٹس ثاقب نثار،فیصل صالح حیات کی درخواست مسترد
اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن)سپریم کورٹ آف پاکستا ن نے فٹبال ایسویسی ایشن کے انتخابات سے متعلق فیصل صالح حیات کی درخواست مسترد کردی،چیف جسٹس پاکستان نے ریمارکس دیئے ہیں کہ ملک کی سب سے بڑی عدالت کی نگرانی میں الیکشن ہو رہے ہیں، انٹرنیشنل فٹبال ایسوسی ایشن کیسے الیکشن نہیں مانے گی؟۔
تفصیلات کے مطابق چیف جسٹس پاکستان کی سربراہی میں بنچ نے فیصل صالح حیات کی فٹبال ایسوسی ایشن کے انتخابات سے متعلق کیس کی سماعت کی،چیف جسٹس پاکستان نے کہا کہ مجھے ابھی تک اس معاملے کی سمجھ ہی نہیں آئی،وکیل فیصل صالح حیات نے کہا کہ پنجاب فٹبال فیڈریشن کے 3 ووٹ ہیں،پنجاب فٹبال فیڈریشن نے نامزد 3 ووٹرزتبدیل کیے،وکیل فیصل صالح حیات کا کہناتھا کہ فٹبال فیڈریشن نام تبدیل نہیں کرسکتی،اس انتخاب کوانٹرنیشنل فٹبال فیڈریشن نہیں مانے گی،وکیل نے بتایاکہ عدالت نے شعیب شاہین کو انتخاب کیلئے الیکشن کمشنرمقررکیاتھا۔
چیف جسٹس پاکستان نے کہا کہ فٹبال فیڈریشن کو بند کردیں،فیصل صالح نہ ہوں توالیکشن تسلیم نہیں ہوں گے؟چیف جسٹس ثاقب نثار نے کہا کہ ملک کی سب سے بڑی عدالت کی نگرانی میں الیکشن ہو رہے ہیں،انٹرنیشنل فٹبال ایسوسی ایشن کیسے الیکشن نہیں مانے گی؟۔
چیف جسٹس نے کہا کہ آپ تو جمہوریت پر یقین رکھتے ہیں،انتخاب ہونے دیں، مقررہ تاریخ کو الیکشن ہوں گے،سپریم کورٹ نے فیصل صالح حیات کی درخواست مسترد کردی۔