کراچی میں دو بچوں کی غیرمعیاری خوراک سے ہلاکت کی تصدیق ہوگئی

کراچی میں دو بچوں کی غیرمعیاری خوراک سے ہلاکت کی تصدیق ہوگئی
کراچی میں دو بچوں کی غیرمعیاری خوراک سے ہلاکت کی تصدیق ہوگئی

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

کراچی(ویب ڈیسک)شہرقائد کے علاقے ڈیفنس کے ایک ریسٹورنٹ کا کھانا کھانے سے گذشتہ ماہ 2 بچوں کی ہلاکت کے واقعے میں پیش رفت ہوئی ہے اور تجزیاتی رپورٹس میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ ریسٹورنٹ اور پلے لینڈ میں واقع دکان کی کھانے کی اشیاء مضرِصحت تھیں، جنہیں کھانے سے بچوں کو فوڈ پوائزنگ ہوئی، ان کی حالت خراب ہوئی اور وہ دم توڑ گئے۔

حکام کے مطابق لاہور اور کراچی سے میڈیکل رپورٹس پولیس کو موصول ہوگئی ہیں جبکہ جیونیوز کے ذرائع کے مطابق پولیس نے 60 کے قریب سیمپل ٹیسٹ کے لیے بھیجے تھے۔لاہور سے موصول ہونے والی ٹاکسی کولوجی رپورٹ کے مطابق کھانے میں زہر کے شواہد نہیں ملے، تاہم کھانے کے نمونوں کے غیر معیاری ہونے کے ثبوت ملے ہیں۔

دوسری جانب تحقیقاتی حکام کے مطابق کراچی یونیورسٹی کے ریسرچ سینٹر کی رپورٹ بھی موصول ہوگئی ہے، جس کے مطابق بچوں کو غیر معیاری کھانا کھانے سے فوڈ پوائزنگ ہوئی، جس کے بعد انہیں الٹیاں لگیں اور ان کی حالت خراب ہوئی تاہم حکام کا کہنا ہے کہ مائیکروبائیولوجی کی رپورٹ ابھی آنا باقی ہے۔

حکام کے مطابق رپورٹ کے بعد مستند ڈاکٹرز کا ایک پینل بناکر ان سے مشورہ کیا جائے گا، جس کے بعد ہی بچوں کی موت کی وجہ کا تعین ممکن ہوسکے گا۔