یہ چھوٹا سا بچہ انٹرنیٹ پر سال کے ڈھائی ارب روپے کماتا ہے، مگر کیسے؟ آپ بھی جانئے

یہ چھوٹا سا بچہ انٹرنیٹ پر سال کے ڈھائی ارب روپے کماتا ہے، مگر کیسے؟ آپ بھی ...
یہ چھوٹا سا بچہ انٹرنیٹ پر سال کے ڈھائی ارب روپے کماتا ہے، مگر کیسے؟ آپ بھی جانئے

  

نیویارک(مانیٹرنگ ڈیسک)ہمارے ہاں 7سال کے بچے ماﺅں کی ناک میں ہی دم کرتے ہیں لیکن آپ یہ سن کر دنگ رہ جائیں گے کہ امریکہ میں ایک سات سالہ بچہ انٹرنیٹ کے ذریعے سالانہ اڑھائی ارب روپے کما رہا ہے۔ میل آن لائن کے مطابق ریان نامی اس بچے نے یوٹیوب پر ’ریان ٹوائز ریویو‘ (Ryan ToysReview)کے نام سے ایک چینل بنا رکھا ہے ، جس پر وہ کھلونوں کے تبصروں پر مبنی ویڈیوز پوسٹ کرتا ہے۔ اس نے یہ کام 2015ءمیں 4سال کی عمر میں شروع کیا تھا اور اب تک اس کے چینل کو 1کروڑ 72لاکھ 98ہزار646لوگ سبسکرائب کر چکے ہیں۔

رواں سال فوربس (Forbes)نے ریان کو یوٹیوب کے ذریعے سب سے زیادہ کمائی کرنے والا شخص قرار دیا ہے، جس نے اس سال اپنے چینل کے ذریعے 2کروڑ 20لاکھ ڈالر (تقریباً اڑھائی ارب روپے) کمائے۔ چینل پر ریان کی اب تک جو ویڈیو سب سے زیادہ دیکھی گئی اس پر ویوز کی تعداد حیران کن طور پر 80کروڑ 18لاکھ71ہزار 504ہے۔گزشتہ سال وہ فوربس کی فہرست میں یوٹیوب پر سب سے زیادہ کمانے والوں میں 8ویں نمبر پر تھا تاہم اس سال وہ اداکار جیک پاﺅل جیسی بڑی شخصیات کو پچھاڑ کر پہلے نمبر پر آ گیا ہے۔ریان نے اس سال میک اپ آرٹس جیفری سٹار اور سویڈش گیمر فیلکس جیلبرگ سے بھی زیادہ رقم کمائی۔

2016ءمیں ریان کی ماں نے ٹیوب فلٹر سے بات کرتے ہوئے کہا تھا کہ ”ایک روز ریان نے مجھ سے کہا کہ سب بچوں کے یوٹیوب پر چینلز ہیں، میرا ہی نہیں ہے۔ اس پر میں نے اسے کہا کہ آﺅ ہم تمہارا بھی چینل بناتے ہیں۔ چینل بنانے کے بعد ہم سٹور پر گئے اور پہلا کھلونا خرید کر لائے جس پر ریان نے اپنے ویوز ریکارڈ کیے اور ویڈیو چینل پر پوسٹ کر دی۔“اب ریان نے اپنا کھلونوں کا ایک برانڈ بھی متعارف کروا دیا ہے جس کی مصنوعات والمارٹ اور ٹارگٹ پر دستیاب ہیں۔

مزید : ڈیلی بائیٹس