محمد حفیظ نے ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا

محمد حفیظ نے ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا
محمد حفیظ نے ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا

  

دبئی(ڈیلی پاکستان آن لائن)پاکستان کے مایہ ناز کرکٹر ، اوپنر بلے باز اور ’’پروفیسر‘‘ کے نام سے شہرت پانے والے محمد حفیظ نے ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا ہے تاہم وہ  ایک روزہ اور ٹی ٹوینٹی کرکٹ میں قومی ٹیم کو دستیاب ہوں گے۔

تفصیلات کے مطابق پی سی بی کے آفیشل ٹویٹر اکاؤنٹ پر جاری ہونے والے اپنےویڈیو  پیغام میں محمد حفیظ نے ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ میرے لئے یہ مشکل فیصلہ ہے، اپنے کیریئر سے مطمئن ہوں، 2 ہفتے سے ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا سوچ رہا تھا،پاکستان کرکٹ بورڈ کا شکر گزار ہوں15 سال تک بڑی محنت سے قومی ٹیم کے لیے پرفارم کرنے کی کوشش کی، اس سفر میں ساتھ دینے والے پی سی بی اور ساتھی کرکٹرز کا شکریہ جنہوں نے  میری حوصلہ افزائی بھی کی اور غلطیوں کو معاف کیا۔

واضح رہے کہ محمد حفیظ کیریئر کا آخری ٹیسٹ میچ ابوظبی میں کھیل رہے ہیں،محمد حفیظ کی آسٹریلیا کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں واپسی ہوئی اور انہوں نے شاندار سنچری سکور کی لیکن اس کے بعد وہ ٹیسٹ میچز کی 7 اننگز میں صرف 66 رنز بناسکے تھے، انہیں ٹیسٹ میچز میں حالیہ کارکردگی پر تنقید کا سامنا رہا،نیوزی لینڈ کے خلاف بھی وہ صفر کے سکور پر پویلین لوٹ گئے تھے۔یاد رہے کہسر گودھا میں 17اکتوبر 1980 کو پیدا ہونے والے محمد حفیظ نے 22 سال کی عمر میں اپنا پہلا ٹیسٹ نیشنل سٹیڈیم کراچی میں بنگلہ دیش کے خلاف راشد لطیف کی قیادت میں کھیلا تھا ۔یاد رہے کہ محمد حفیظ نے 53 ٹیسٹ میچز کھیلے 3644 رنز سکور کیے جس میں 10 سنچریاں اور 12 نصف سنچریاں شامل ہیں،ان کی  ٹیسٹ کیرئیر میں اوسط 34.05 ہے۔

۔۔۔ویڈیو دیکھیں۔۔۔

مزید : کھیل