”میں یہ کام نہیں ہونے دوں گا“ گورنر سندھ عمران اسماعیل اپنی ہی حکومت کیخلاف کھڑے ہو گئے
کراچی (ڈیلی پاکستان آن لائن)گورنر سندھ عمران اسماعیل نے کہاہے کہ تجاوزات کیخلاف آپریشن کی آڑ میں بہت سے ناجائز کام کئے گئے ، آپریشن روکنے کیلئے سپریم کورٹ میں پٹیشن دائر کریں گے۔
دنیا نیوز کے پروگرام ”آن دا فرنٹ“ میں گفتگو کرتے ہوئے گورنر سندھ عمران اسماعیل نے کہا کہ کراچی میں تجاوزات کے خلاف آپریشن چیف جسٹس کی ہدایات پرہواہے لیکن اس آپریشن کی آڑ میں بہت سا ناجائز کام بھی کیا گیاہے ۔ وفاقی حکومت کا اس آپریشن سے کوئی تعلق نہیں ہے ، یہ آپریشن سپریم کورٹ کے فیصلے کے نتیجے میں شروع ہوا اور میئر کراچی اس کی نگرانی کررہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے اب یہ طے کیاہے کہ ہم چیف جسٹس سے اپیل کریں گے کہ اس آپریشن کورکوائیں اور اس کیلئے ہم سپریم کورٹ میں پٹیش دائر کرنے جارہے ہیں ۔ انہوںنے کہا کہ کراچی میں تجاوزات کی آڑ میں بہت سے ایسے کام ہوئے ہیں کہ جو لوگوں کی جائز دکانیں تھیں ان کوگرادیا گیاہے ، اب ان کو ریلیف دینا ہے ، آپریشن کی آڑ میں غیر قانونی کام بھی کیا جارہاہے ۔