بنگلا دیش کرکٹ بورڈٹیم پاکستان بھیجنے کا تاحال فیصلہ نہ کرسکا

بنگلا دیش کرکٹ بورڈٹیم پاکستان بھیجنے کا تاحال فیصلہ نہ کرسکا

  



ڈھاکہ (آئی این پی) بنگلا دیش کرکٹ بورڈ دو ٹیسٹ میچز کے لیے ٹیم کے دورہ پاکستان کے حوالے سے ابھی تک فیصلہ نہیں کرپایا۔بنگلا دیش میڈیا کے مطابق ٹیم کے دورے پاکستان کا فیصلہ ہونا ابھی باقی ہے، چیف ایگزیکٹو آفیسر بنگلا دیش کرکٹ بورڈ نظام الدین کے حوالے سے موقف اختیار کیا گیا ہے کہ دورے کے حوالے سے کوئی فیصلے کرنے سے قبل آئی سی سی اور دیگر اتھارٹیز سے بات چیت کرنا بھی ضروری سمجھتے ہیں۔پاکستان کا دورہ کرنے والی حکومتی سیکورٹی ٹیم اور بنگلا دیش ہائی کمیشن کی رپورٹ کا انتظار کر رہے ہیں سی ای او بنگلا دیش کرکٹ بورڈ کے مطابق کوشش کر رہے ہیں دورے کے حوالے سے فیصلہ جلد از جلد کریں۔سیکورٹی ٹیم کی رپورٹ دورے پاکستان کے لیے بہت اہم ہے، بنگلا دیش کی ویمن اور بوائز ٹیم کے دورہ پاکستان کے بعدسیکورٹی ٹیم کی رپورٹ کا انتظار ہے۔ رپورٹ کا جائزہ لینے کے بعد ہی فائنل فیصلے پر پہنچ سکیں گے۔اس دورے کے حوالے سے پاکستان کرکٹ بورڈ کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہیں۔پی سی بی حکام کا کہنا ہے کہ آئی سی سی ٹیسٹ چیمپئن شپ کا حصہ پاکستان اور بنگلا دیش کے درمیان سیریز آئندہ سال جنوری فروری میں طے ہے جس کے لیے مجوزہ میچز پلان بنگلا دیش بورڈ کو بجھوایا جاچکا ہے۔پاکستان کرکٹ بورڈ پہلے ہی واضح کرچکا ہے کہ وہ اپنی تمام ہوم سیریز ملک میں ہی کھیلے گا۔ اب کوئی سیریز نیوٹرل مقام پر نہیں ہوگی۔سری لنکا ٹیم اپنے دو ٹیسٹ میچ راولپنڈی اور کراچی میں کھیلنے آرہی ہے۔بنگلا دیش ٹیم کو فول پروف سیکیورٹی کی یقین دہانی کرائی گئی ہے اگر بنگلا دیش پاکستان آکر سیریز نہیں کھیلے گی تو پھر اسے اپنے پوائنٹس سے محروم ہونا پڑے گا۔ یقین ہے کہ بنگلہ دیش کی ٹیم پاکستان آکر ضرور کھیلے گی۔

مزید : کھیل اور کھلاڑی