36 نیشنل جونیئر ہاکی چیمپیئن شپ 2019 لیگ مرحلہ مکمل
لاہور(سپورٹس رپورٹر)36 نیشنل جونیئر ہاکی چیمپیئن شپ 2019 لیگ مرحلہ مکمل، آج آرام کے بعد کل چاروں کوارٹر فائنل میچز کھیلے جائیں گے۔ چھٹے روز کھیلے جانے والے آخری سات لیگ میچز میں ماڑی پیٹرولیم، سوئی سدرن گیس کمپنی، آرمی بی، پنجاب بی، کسٹمز، آرمی اے اور واپڈا کی ٹیموں نے اپنی حریف ٹیموں کو شکست سے دوچار کیا۔ نیشنل ہاکی سٹیڈیم لاہور میں جاری چیمپیئن شپ میں گذشتہ روز پہلا میچ ماڑی پیٹرولیم نے کے پی کے اے کو ایک کے مقابلے چھ گول سے مات دی۔
فاتح ٹیم کی جانب سے افراز، عبدالرحمان، عقیل احمد، انیس،عمیر ستار اور عامر فاروق نے ایک ایک گول کیا۔ دوسرے میچ میں سوئی سدرن گیس کمپنی ٹیم نے پنجاب اے کو تین صفر سے ہرا دیا۔ رضوان علی نے دو جبکہ ابوزر نے ایک گول کیا۔ تیسرے میچ میں آرمی بی ٹیم نے پنجاب سی کے خلاف تین ایک سے کامیابی حاصل کی۔ آرمی بی کی جانب سے تنویر نے دو جبکہ مصطفی نے ایک گول کیا جبکہ پنجاب سی کی جانب سے ایم ذیشان نے واحد گول کیا۔ چوتھا میچ پنجاب بی اور سندھ اے کے درمیان کھیلا گیا۔ پنجاب بی ٹیم نے دو کے مقابلے تین گول سے کامیابی اپنے نام کی۔ فاتح ٹیم کے بلال، ساحر اور وقار عباس نے ایک ایک گول کیا۔ سندھ کی جانب سے جواد حسین اور عبدالقادر نے ایک ایک گول سکور کیا۔ پانچویں میچ میں کسٹمز نے پنجاب ڈی ٹیم کو چھ صفر سے زیر کیا۔ کسٹمز کی جانب سے حمزہ، صائم بٹ، سمیع، بلال، وسیم اور شہباز نے ایک ایک گول کیا۔ چھٹے میچ میں آرمی اے اور پورٹ قاسم کی ٹیموں کے درمیان دلچسپ مقابلہ دیکھنے میں آیا جس میں آرمی ٹیم نے تین دو سے کامیابی حاصل کی۔ فاتح ٹیم کے مہران احمد، دانش شاہ اور ایم عثمان نے جبکہ پورٹ قاسم کی جانب سے دونوں گول عبدالرحمان نے کیے۔ دن کا آخری میچ واپڈا اور سندھ بی کی ٹیموں کے درمیان کھیلا گیا جس میں واپڈا ٹیم دو صفر سے کامیابی حاصل کی۔ واپڈا کی جانب سے زین علی اور علی بہادر نے ایک ایک گول سکور کیا۔ آج آرام کے بعد کل چاروں کوارٹر فائنل میچز کھیلے جائیں گے۔ پہلے کوارٹر فائنل میں سوئی سدرن گیس اور پورٹ قاسم کی ٹیمیں مد مقابل ہوں گی۔ دوسرا کوارٹرفائنل واپڈا اور خبرپختونخواہ اے کے درمیان ہوگا۔ تیسرے کوارٹر فائنل میں آرمی اے اور پنجاب اے جبکہ چوتھے کوارٹر فائنل میں ماڑی پٹرولیم اور کسٹم کی ٹیموں میں مقابلہ ہوگا۔ چاروں کوارٹر فائنل نیشنل ہاکی سٹیڈیم گراونڈ نمبر دو پر کھیلے جائیں گے