قومی جوڈو ٹیم ساؤتھ ایشین گیمز میں شرکت کیلئے آج نیپال کیلئے روانہ ہو گی

قومی جوڈو ٹیم ساؤتھ ایشین گیمز میں شرکت کیلئے آج نیپال کیلئے روانہ ہو گی

  



اسلام آباد (اے پی پی)12 رکنی قومی جوڈو ٹیم ساؤتھ ایشین گیمز میں شرکت کیلئے آج بروز بدھ کو اسلام آباد سے نیپال کیلئے روانہ ہو گی۔ ایونٹ میں شاہ حسین شاہ اور آمنہ طیاڈا جاپان سے براہ راست شرکت کریں گے۔

پاکستان جوڈو فیڈریشن کے نائب صدر اور میڈیا ڈائریکٹر مسعود احمد خان نے بتایاکہ ساؤتھ ایشین گیمز نیپال کے شہر کھٹمنڈو میں جاری ہیں جس میں جوڈو مقابلے 7 سے 10 دسمبر تک کھیلے جائیں گے۔ ایونٹ میں 6 مرد، 4 خواتین اور 2 آفیشلز پاکستان کی نمائندگی کریں گے۔ مرد کھلاڑیوں میں محمد حسنین، ندیم اکرم، کرامت بٹ، قیصر خان آفریدی، شاہ حسین شاہ اور حامد علی جبکہ خواتین کھلاڑیوں میں حمیرا عاشق، آمنہ طیاڈا، عاصمہ رانی اور بینش خان شامل ہیں۔ کرنل عابد مجید بطور منیجر اور رشید احمد بطور کوچ ٹیم کے ہمراہ ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ ایونٹ کیلئے قومی کھلاڑیوں کا تربیتی کیمپ پشاور میں جاری ہے جہاں پر انہیں جدید اور اعلیٰ معیار کی تربیت دی جا رہی ہے۔ مسعود احمد شاہ نے توقع ظاہر کی کہ ایونٹ کیلئے باصلاحیت کھلاڑیوں کا انتخاب کیا ہے اور ان سے ایونٹ میں شاندار کارکردگی کی توقع ہے۔

مزید : کھیل اور کھلاڑی