نیو فرینڈز مارشل آرٹس کراٹے سنٹر میں بیلٹ پروموشن کی تقریب

نیو فرینڈز مارشل آرٹس کراٹے سنٹر میں بیلٹ پروموشن کی تقریب

  



لاہور(سپورٹس رپورٹر) نیو فرینڈز مارشل آرٹس کراٹے سنٹر باغبانپورہ لاہور میں ’’بیلٹ پروموشن‘‘ تقریب منعقدہوئی جس میں گرلز اینڈ بوائز کھلاڑیوں کی بڑی تعدادنے شرکت کی۔ بیلٹ پروموشن ٹیسٹ مقابلوں میں کھلاڑیوں نے اپنے دم خم کا مظاہرہ بھی کیا۔ٹیسٹ پاس کرنے والے کھلاڑیوں علیزا،محمد زاہد، بشیر رزاق،فیضان کو یلو بیلٹ،وقار رزاق کو گرے بیلٹ،حاشر جمیل کوبلیوبیلٹ جبکہ ماہ نور اور وقاص رزاق کو براؤنز بیلٹ سے نوازا گیا۔اس موقع پر نمائشی فائٹس کا بھی اہتمام کیا گیا اور جیتنے والے کھلاڑیوں میں سر ٹیفکیٹ بھی تقسیم کئے گئے۔بیلٹ پروموشن کی تقریب میں نیو فرینڈز مارشل آرٹس کراٹے سنٹر باغبانپورہ لاہورکے چیف کوچ مہر فیاض فیروز اور کوچ انٹر نیشنل کراٹے کھلاڑی ساویل فیاض نے ینگ کھلاڑیوں میں بیلٹ اور سر ٹیفکیٹ تقسیم کئے۔نیو فرینڈز مارشل آرٹس کراٹے سنٹر باغبانپورہ لاہور کے پیٹرن چیف پاکستان مسلم لیگ (ن)کے ممبر قومی اسمبلی پرویز ملک ہیں جبکہ پیٹرن پاکستان مسلم لیگ (ن)کے ممبر قومی اسمبلی علی پرویز ملک ہیں۔ نیو فرینڈز مارشل آرٹس کراٹے سنٹرباغبانپورہ عرصہ بائیس سال سے علاقہ کے بچوں کو صحت مندانہ سرگرمیوں کی جانب راغب کر کے سیلف ڈیفنس اور فزیکل فٹنس کی تربیت کر رہا ہے۔

بیلٹ پروموشن تقریب سے خطاب کرتے ہوئے نیو فرینڈز مارشل آرٹس کراٹے سنٹر باغبانپورہ لاہور کے کوچ انٹر نیشنل کراٹے کھلاڑی ساویل فیاض نے کہا کہ ہم کراٹے کے کھیل کوگراس روٹ لیول سے فروغ دینے کے ساتھ ساتھ نوجوان نسل کی بہترین تر بیت کر رہے ہیں جس کی وجہ سے نوجوان نسل میں نہ صرف سیلف ڈیفنس کا شعور اْجاگر ہورہا ہے بلکہ کراٹے کے کھیل کانیا ٹیلنٹ بھی اُبھر کر سامنے آرہا ہے، کھیلوں کے فروغ اور کھلاڑیوں کی سرپرستی کے عمل کے ذریعہ ہم ایک صحت مند معاشرہ تشکیل دے سکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ کراٹے کھیل کے ذریعے ہم خود کی حفاظت کر سکتے ہیں یہ ایسا کھیل ہے جس سے ہمیں شناخت بھی ملتی ہے اور سیکورٹی بھی ملتی ہے،کراٹے لڑکیوں کیلئے بہترین اور محفوظ کھیل ہے کیونکہ اس سے لڑکیاں جسمانی اور ذہنی دونوں طرح سے مضبوط ہوتی ہے اور اس کھیل سے لڑکیوں کے اندر خود اعتمادی پیدا ہوتی ہے جس کے بل بوتے پر وہ کسی بھی ہنگامی حالات میں خوداپنی حفاظت کرنے کے قابل ہوتی ہیں۔

مزید : کھیل اور کھلاڑی