قائداعظم ٹرافی فرسٹ الیون ٹورنامنٹ، آخری راؤنڈ کا دوسرا روز مکمل
لاہور(سپورٹس رپورٹر)قائداعظم ٹرافی فرسٹ الیون ٹورنامنٹ کے آخری راؤنڈ کا دوسرا روز مکمل،یو بی ایل اسپورٹس کمپلیکس کراچی میں جاری میچ میں ناردرن کی پوزیشن مستحکم ہے۔ میچ کے دوسرے روز کے اختتام پر خیبرپختونخوا کی ٹیم پہلی اننگز میں 255 رنز کے خسارے کا شکار ہے جبکہ اس کے 6 کھلاڑی آؤٹ ہوکر پویلین واپس لوٹ چکے ہیں۔ سرمد بھٹی کی سنچری اور وقاص احمد کی عمدہ باؤلنگ نے میچ میں ناردرن کی گرفت مضبوط کردی ہے۔ کھیل کے اختتام پر ناردرن کے 411 رنز کے جواب میں خیبرپختونخوا کی ٹیم نے 6وکٹوں کے نقصان پر 156 رنز بنالیے ہیں۔ ناردرن کے فاسٹ باؤلر وقاص احمد 5 وکٹیں حاصل کرچکے ہیں جبکہ کپتان فخر زمان 66 رنز بناکر اب تک خیبرپختونخوا کے سب سے نمایاں بیٹسمین ہیں۔ ریحان آفریدی 19 اور مہران ابراہیم 2 کے انفرادی اسکور سے کھیل کے تیسرے روز کا آغاز کریں گے۔دوسری جانب اسٹیٹ بنک اسٹیڈیم کراچی میں جاری میچ کے دوسرے روز بھی سنٹرل پنجاب کے بلے باز چھائے رہے۔ احمد شہزاد اور عبداللہ شفیق کے بعد عثمان صلاح الدین اور محمد سعد نے شاندار سنچریاں اسکور کرکیپہلی اننگز میں سنٹرل پنجاب کا مجموعہ 597 تک پہنچا دیا۔ سنٹرل پنجاب کے کپتان احمد شہزاد نے 170 اوور ز میں 9وکٹو ں کے نقصان پر 597 رنز بناکر اننگز ڈکلیئر کردی۔ جواب میں سدرن پنجاب نے 1 وکٹ کے نقصان پر 23 رنزبنالیے ہیں۔ادھر نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں جاری میچ میں بلوچستان نے اپنی پہلی اننگز 9وکٹوں کے نقصان پر 471 رنز بناکر ڈکلیئر کردی۔ جواب میں سندھ نے 1وکٹ کے نقصان پر 71 رنزبنالیے ہیں۔