حکومت نے پرچی سسٹم ختم کر کے بہترین فلاحی کام کیا،آشفہ ریاض

  حکومت نے پرچی سسٹم ختم کر کے بہترین فلاحی کام کیا،آشفہ ریاض

  



لاہور(اے پی پی)صوبائی وزیر ویمن ڈویلپمنٹ آشفہ ریاض نے فتیانہ ہاؤس میں کھلی کچہری لگا کرعام لوگوں کے مسائل سنے۔اس موقع پر مختلف اداروں کے افسران بھی موجود تھے۔کھلی کچہری میں پولیس، ریونیو، تعلیم، صحت، صفائی اور دیگر مسائل سے متعلق لوگوں کی شکایات بیان کی گئیں۔

صوبائی وزیر آشفہ ریاض نے کہا کہ عوام الناس کی مشکلات ہماری مشکلات ہیں اس لیے موجودہ حکومت اور اس کا ہر نمائندہ عوامی خدمت کے جذبے سے سرشار لوگوں کی فلاح و بہبود کے لیے کام کررہا ہے لیکن ہمیں اس عمل کو مزید بہتر سے بہتر بنانا ہے۔اس مقصد کے لیے تمام اداروں کوبروقت ہی کام کرنے کی عادت ڈالنا ہوگی۔کسی بھی کام میں تاخیر سے لوگوں کو پریشانی کاسامنا کرنا پڑتا ہے۔اس حکومت نے پرچی سسٹم ختم کر کے بہترین فلاحی کام کیا ہے،جو قابل تحسین ہے۔سابقہ ادوار میں عوام سے کی جانے والی ناانصافیوں اور بد عنوان سسٹم کی درستگی ایک دن میں نہیں ہوسکتی۔چیزیں بگڑتی بہت جلد ہیں لیکن انہیں سنوارنے میں وقت درکار ہوتا ہے۔ان ادوار میں کرپشن اورلینڈ مافیا کا خاتمہ ایجنڈا نہیں ہوا کرتا تھا بلکہ اس کے خلاف آواز اٹھانے والوں کوپابند سلاسل کردیا جاتاتھا۔حکومت ہر شعبہ میں گراس روٹ لیول پراصلاحات کر رہی ہے۔ایک دفعہ جب پورا نظام آٹو پر لگ گیا تو پھر کوئی اسے روک نہیں سکے گا۔

آشفہ ریاض

مزید : میٹروپولیٹن 4