کاشانہ کی یتیم بچیوں کو انصاف دلایا جائے گا،مجید غوری

کاشانہ کی یتیم بچیوں کو انصاف دلایا جائے گا،مجید غوری

  



لاہور(نیوز رپورٹر) عوامی رکشہ یونین کے مرکزی چیئرمین مجید غوری نے کہا ہے کہ کاشانہ کی یتیم اور بے سہارا بچیوں کوانصاف دلانے کیلئے ہر سطح پر آواز اٹھاؤں گا۔ہائیکورٹ میں رٹ دائر کر کے بھیڑ کی شکل میں چھپے بھیڑیوں کو بے نقاب کرنے کا آغاز کردیا ہے سابق فنانس سیکرٹری ہائیکورٹ بار اللہ یار سپراء کی سربراہی میں خوف خدا رکھنے والے سینکڑوں وکیلوں نے اللہ اور اس کے رسول کی رضا کیلئے میرا ساتھ دینے کا وعدہ کیا ہے۔کاشانہ کی سابق سپرنٹنڈنٹ افشاں لطیف جیسی بہادر خاتون کو بھی با اثر جنسی بھیڑیوں کے ظلم کے خلاف ڈٹ جانے پرخراج تحسین پیش کرتاہوں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہائیکورٹ میں اپنی جانب سے رٹ پٹیشن نمبر73369-19 دائر کرنے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر عوامی رکشہ یونین کے کارکنان کے ساتھ ساتھ وکلاء کی بھی بڑی تعداد موجود تھی۔ مجید غوری کا کہنا تھا کہ اب عدالتیں آزاد ہیں اور ہمیں یقین ہے یتیم او ر بے سہارا بچیوں کویہاں انصاف ضرور ملے گا۔

اور بڑے سے بڑے بااثر ملزم کو جیل جانے پڑے گا۔اس موقع پر مجید غوری نے ملک کوریاست مدینہ بنانے کے دعویدار وزیر اعظم عمران خان اور آرمی چیف سے مطالبہ کیا ہے اپنے طور پر حکومتی وزیر وں، مشیروں اوراخلاقی پستی کے شکار افسروں کی انکوائری کر وا کر ملک کے تمام یتیم خانو ں میں رہائش پذیر بچے، بچیوں کے سر پر ہاتھ رکھیں۔ان کی سرپرستی حکومت اور ریاست پاکستان کی ذمہ داری ہے۔انہوں نے کہا ہے کہ تین ماہ سے کاشانہ دارالامان کا بجٹ بند ہے جس کی وجہ معصوم یتیم بچیاں اشیاء خوردونوش اور اشیاء ضروریہ سے محروم ہیں ان کا فنڈ بحال کرکے ان کو ریلیف دیا جائے اور میڈیا کو کاشانہ دارالامان تک رسائی دی جائے تاکہ دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہو جائے۔

مزید : میٹروپولیٹن 1