مہنگائی کے حوالے سے زیروٹالیرنس کی پالیسی پر عمل پیرا ہیں،شوکت لالیکا

  مہنگائی کے حوالے سے زیروٹالیرنس کی پالیسی پر عمل پیرا ہیں،شوکت لالیکا

  



لاہور(لیڈی رپورٹر) وزیر زکوۃوعشر پنجاب شوکت علی لالیکا نے ہدایت کی ہے کہ اوورچارجنگ اور منافع خوروں کے خلاف کریک ڈاون جاری رکھاجائے، حکومت نے پرائس کنٹرول اور مہنگائی کے حوالے سے زیرو ٹالرینس پالیسی اپنائی ہے۔یہ ہدایات انہوں نے ڈی سی آفس بہاولنگرکے کمیٹی روم میں پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے دیں۔ ڈپٹی کمشنر محمد شعیب خان جدون، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو سیف اللہ ساجد، اسسٹنٹ کمشنر بہاول نگر منور حسین مگسی اور تحصیل بہاولنگر کے پرائس کنٹرول مجسٹریٹس اور دیگر افسران نے بذریعہ ویڈیو لنک اجلاس میں شرکت کی۔ شوکت علی لالیکانے کہاکہ حکومت کے اقدامات کا مقصدعوام کو خودساختہ مہنگائی سے محفوظ رکھنا ہے۔ شوکت علی لالیکا نے اجلاس میں تمام پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کی کارکردگی کا تفصیلی جائزہ بھی لیا۔اجلاس میں بتایا گیا کہ کہ سبزی منڈی بہاول نگر میں کاشتکاروں کو کسان پلیٹ فارم مہیا کیے ہیں تاکہ کاشتکاروں کو سبزی اور فروٹ کی فروخت میں مڈل مین کے استحصال سے نجات مل سکے،اس سے کسان کوفائدہ کے علاوہ عوام کو مناسب نرخوں پر فروٹ اورسبزی مل سکے گی۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ کسان پلیٹ فارم کا دائرہ کار تحصیلوں میں پھیلایا جارہا ہے۔ ضلع بہاول نگر میں اشیائے خوردونوش کی قیمتوں کو کنٹرول کرنے اور گراں فروشوں کے خلاف کریک ڈاون کرتے ہوئے پرائس کنٹرول مجسٹریٹس نے نومبر میں 61 گراں فروشوں کو گرفتار کروایا ہے جبکہ 40مقدمات درج کیے گئے ہیں۔ ضلع کی پانچویں تحصیلوں میں مجموعی طور پر 1388 افراد کو پرائس کنٹرول ایکٹ کے تحت 16 لاکھ 14 ہزار 700روپے جرمانہ بھی عائد کیا گیا ہے۔

مزید : میٹروپولیٹن 1